ایران بھی پاکستان کی حمایت میں چپ نہ رہ سکا/ امریکہ کو دوسرے ممالک کو سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے


ایران بھی پاکستان کی حمایت میں چپ نہ رہ سکا/ امریکہ کو دوسرے ممالک کو سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے

پاکستان کے حوالے سے امریکی صدر کے بیان شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک کو سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ  کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان کے حوالے سے امریکی صدر کی ہرزہ سرائی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "امریکہ کو دوسرے ممالک کو سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج امریکہ جس بنیاد پر دوسرے ممالک پر دباو ڈال رہا ہے اس کی اصل وجہ علاقے میں امریکہ کی منفی پالیسی بالخصوص افغانستان میں توسیع پسندانہ اقدامات ہیں۔

قاسمی نے کہا کہ امریکہ کی مداخلت پر مبنی پالیسی، غلط فیصلے اور یکطرفہ کاروائیوں کے نتیجے میں خطے میں تناو، تشدد، دہشتگردی اور انتہاپسندی میں اضافہ ہوا ہے۔

ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقائی ممالک میں مداخلت نہ کریں اور نہ ہی اپنی خواہشات ان پر مسلط کریں.

قاسمی نے کہا کہ خطے کے ممالک اجتماعی تعاون کے ذریعے دہشتگردی سے نمٹنے اور امن و سلامتی کے قیام کے لئے اچھی صلاحیت رکھتے ہیں اور انھیں امریکہ کی جانب سے عدم استحکام اور دہشتگردی میں اضافہ کرنے والی پالیسیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ واشنگٹن اسلام آباد کو اربوں ڈالر دینے کے باوجود دہشتگرد گروہوں کو پناہ دیتا آرہا ہے۔

امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے اب تمام الزامات پاکستان پر ڈال رہا ہے۔ 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری