ایران کا امریکہ کیخلاف اور پاکستان کے حق میں بیان خوش آئند ہے، صاحبزادہ حامد رضا


ایران کا امریکہ کیخلاف اور پاکستان کے حق میں بیان خوش آئند ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف ٹرمپ کے پاکستان دشمن بیان پر کیوں خاموش ہیں جبکہ ہمارے دوست ممالک امریکہ کیخلاف اور پاکستان کی حمایت میں بیانات دے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سمن آباد لاہور میں راؤ حسیب احمد کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف ٹرمپ کے پاکستان دشمن بیان پر کیوں خاموش ہیں، سابق وزیراعظم کا وکلا سے خطاب عدلیہ مخالف مہم کا تسلسل ہے، ڈالر پرست حکمران امریکہ کو نو مور کہنے کی جرات سے محروم ہیں جبکہ ایران کا امریکہ کیخلاف اور پاکستان کے حق میں بیان خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی باتیں کرنیوالے وزراء قومی اسمبلی اور سینٹ میں کیوں نہیں آتے، ن لیگ بار اور بنچ کو لڑانے کی سازش کر رہی ہے، عید کے بعد سیاسی فیملی پلاننگ شروع ہو گی، ن لیگی کارکنوں کو کالے کوٹ پہنا کر جعلی وکلا کنونشن کیا گیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حلقہ 120 کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائے، وزراء کو کلثوم نواز کی انتخابی مہم چلانے سے روکا جائے، وکلا کنونشن میں سابق نااہل وزیراعظم کے تمام سوال غلط اور بے معنی ہیں، نواز شریف نے قوم، پارلیمنٹ اور عدلیہ کے سامنے جھوٹ بولا۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ ملتان میٹرو بس منصوبے میں بڑے گھپلے کی تحقیقات کروائی جائیں، ہماری وزارت خارجہ افغانستان میں دہشتگردوں کے کیمپوں، پاکستان میں بھارتی مداخلت اور کل بھوشن کے معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ناکام رہی، پاکستان اہل قیادت کے فقدان کی سزا بھگت رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری