صہیونی وزیر اعظم کیخلاف ہفتہ وار مظاہروں کا سلسلہ جاری


صہیونی وزیر اعظم کیخلاف ہفتہ وار مظاہروں کا سلسلہ جاری

اسرائیل کے وزیراعظم پر بدعنوانی کے الزامات کی فردجرم عائد کرنے کے مطالبے پر سیکڑوں مظاہرین اٹارنی جنرل کی رہائشگاہ کے سامنے جمع ہوئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کیخلاف ہفتہ وار مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق نتین یاہو کے خلاف ہونے والے یہ مظاہرے مالی بے ضابطگیوں اور میڈیا، بین الاقوامی کاروبار اور ہالی وڈ کی اہم شخصیات کے ساتھ غیر قانونی تعلقات کے تناظر میں ایک تحریک کی صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

یہ مسلسل چالیسواں ہفتہ تھا جب بہتر طرز حکمرانی کے لیے آواز بلند کرنے والے کارکنان مظاہرے کی شکل میں اٹارنی جنرل کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں انھیں قابل ذکر کوریج دی۔

اسرائیلی قوانین کے مطابق وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے تاہم سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے مطابق وزرا اور میئرز پر اگر فرد جرم عائد ہو جائے تو انھیں مستعفی ہونا ہو گا۔

وزیر انصاف یہ کہہ چکے ہیں کہ اس عدالتی فیصلے سے وزیراعظم متاثر نہیں ہوتے لیکن اگر اٹارنی جنرل فرد جرم عائد کرتے ہیں تو پھر نتین یاہو کے لیے قانونی چیلنجز اور عوامی دباو بڑھ سکتے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری