کشمیر بھر میں یوم عرفہ اور یوم شہادت حضرت مسلم ابن عقیل (ع) کے سلسلے میں مجالسوں کا انعقاد


کشمیر بھر میں یوم عرفہ اور یوم شہادت حضرت مسلم ابن عقیل (ع) کے سلسلے میں مجالسوں کا انعقاد

یوم عرفہ کی مناسبت سے کشمیر کے مختلف مقامات پر اجتماعی دعائے عرفہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اہلبیت فاونڈیشن جموں و کشمیر کے زیر اہتمام سرینگر کے علمگری بازار علاقے میں دعائے عرفہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں علمائے کرام دانشور مفکرین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دعائے عرفہ کی دوسری بڑی تقریب سرینگر کے جامعہ امام رضا علیہ السلام میں منعقد ہوئی جہاں بھاری تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے یوم عرفہ کی فضیلت بیان کی

دوسری جانب شہادت سفیر حضرت امام حسین علیہ السلام غریب کوفہ حضرت مسلم ابن عقیل کے سلسلے میں کشمیر کے گوشہ و کنار میں مجالس ہائے عزاء کی منعقد ہوئیں

سب سے بڑی مجلس انجمن اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے اہتمام سے جنوبی کشمیر کے رمبیل پٹن میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں کی تعداد میں عزادارن نے شرکت کرکے سفیر حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سینئر حریت رہنما اور اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا مولوی محمد عباس انصاری نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مقصد قیام حضرت امام حسین علیہ السلام پر روشنی ڈالی اور فلسفہ قربانی کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا۔

مولانا نے روہنگیائی مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلکی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی بھلائی کے لئے خاص طور پر روہنگیائی مسلمانوں کی قتل و کشت و خون روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں۔

ادھر انجمن شرعی شیعان جموں و کشمیر کے اہتمام سے وسطی ضلع بڈگام کے بمنہ علاقے میں مجلس عزاداری منعقد ہوئی جہاں کثیر تعداد میں عزادارن نے مرثیہ خوانی اور سینہ زنی کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے سربراہ آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی نے فلسفہ قربانی پر مفصل روشنی ڈالی۔

درایں اثنا  کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں میں دعائے عرفہ اور مجالس عزاء کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری