مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی، 2 مزید نوجوان شہید


مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی، 2 مزید نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور میں دو اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو سوپور کے علاقے شنکر گنڈ برتھ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔

ڈیلی پاکستان نے لکھا ہے کہ فوجیوں نے علاقے میں ایک مکان کو بھی تباہ کردیا۔ شہید نوجوانوں کی شناخت نعیم احمد اور عاشق حسین کے طورپر ہوئی ہے۔ ادھر بھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹری فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلعوں کولگام، شوپیاں، اور پلوامہ میں بڑی کارروائی شروع کی ہے۔

ضلع کولگام کے علاقے یاری پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران نوجوانوں اور بھارتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ نوجوانوں نے فوجیوں پر پتھراؤ کیا جنہوں نے مظاہرین پر آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا اس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے بند اور انٹرنیٹ اور موبائیل فون سروسز معطل کر دی ہیں۔

گزشتہ سال آج ہی کے دن بھارتی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان باسط کی پہلی برسی کے موقع پر ضلع اسلام آباد میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

23سالہ شہید باسط کے آبائی قصبے قاضی گنڈ میں تمام سکول، کالج اور تجارتی مراکز بند رہے سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔

مقبوضہ کشمیر کے قصبے ترال میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکلالی گئی۔ ایک مقامی لیڈر فاروق ترالی نے ریلی کی قیادت کی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

سیدعلی گیلانی نے ایک بیا ن میں میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اپنی خاموشی ترک کرکے میانمار کے مسلمانوں کو بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری