وزیراعظم، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے


وزیراعظم، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 18 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں سیشن میں شرکت کے لیے جانے والے پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خارجہ تعلقات پر خطاب کریں گے۔

وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے جب امریکا جائیں گے تو اس دوران کئی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ غیررسمی ملاقاتیں کریں گے جہاں دوطرفہ تعلقات زیربحث آئیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر علاقائی اور ذیلی تنظیموں کے وزارتی اجلاس میں بھی پاکستان شرکت کرے گا۔

وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس کے سائیڈ لائن میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، جی-77 اور ایسوسی ایشن جنوبی ایشائی علاقائی تعاون جیسی تنظیموں کے اجلاس متوقع ہیں۔

اس موقع پر او آئی سی کے جموں وکشمیر کے حوالے سے منسلک گروپ کا بھی اجلاس ہوگا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے دورے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن کے علاوہ پاک-امریکا بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں دنیا بھر کے رہنما شرکت کریں گے جہاں بحث کا آغاز 19 ستمبر سے شروع ہوگا جس کا عنوان 'زمین میں بسنے والے تمام افراد کے لیے امن اور ایک بہترین زندگی کے لیے جدوجہد' تجویز کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری