حزب اللہ لبنان کی جانب سے عراق خودکش دھماکوں کی شدید مذمت


حزب اللہ لبنان کی جانب سے عراق خودکش دھماکوں کی شدید مذمت

حزب اللہ نے عراق میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حزب اللہ لبنان نے عراق میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس خونین سانحے کو دہشتگردوں کی نہایت بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

حزب اللہ نے عراقی حکومت، عوام اور شہداء کے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ حکومت عراق کو چاہئے کہ زخمی افراد کے علاج معالجے کے لئے بہتر انتظامات کرے۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حرام مہینوں میں بھی نہتے مسلمانوں کا خون بہانا جائز سمجھتے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ اسلام دشمن عناصر ہیں، اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے شیعیان حیدر کرار کے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے۔

حزب اللہ نے اپنے بیان میں عراقی حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک بھر سے داعشی دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے کی جانے والی کوششوں میں تیزی لائے۔

واضح رہے کہ حملے جمعرات کو بغداد سے 200 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر ناصریہ میں ہوئے تھے۔ ایک حملہ ریسٹورنٹ اور ایک دھماکا چیک پوائنٹ پر ہوا تھا جس میں 8 ایرانی زائرین بھی شہید ہوئے تھے۔

ضلعی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جسیم الخالدی کا کہنا تھا کہ دھماکوں میں اب تک 83 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔

حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری