تاپی منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت ہے، صدر پاکستان


تاپی منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت ہے، صدر پاکستان

صدر پاکستان ممنون حسین نے اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی ممدوف سے ملاقات میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اوربھارت گیس پائپ لائن منصوبے (تاپی) کو ایک اہم تجارتی راہداری قرار دیتے ہوئے خطے کے فائدے کے لیے اس کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ممنون حسین نے پانچویں ایشین انڈور و مارشل آرٹس گیم کے موقع پر صدراتی محل میں ترکمانستان کے صدر سے ملاقات کی جہاں دو طرفہ معاشی و سیاسی تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ تاپی کئی بڑے منصوبوں پرمشتمل ہے جن میں شاہراہیں، بجلی کی ترسیل، آپٹک فائبر لائنز کے علاوہ صنعتی زونز کا قیام شامل ہے۔

اےپی پی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے راستے پاکستان کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی برآمد کے حوالے سے ترکمانستان کی پیش کش کاخیرمقدم کرتے ہوئے انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے ماہرین کو اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے لگن سے کام کرنا ہوگا۔

انھوں نے پاکستان اورترکمانستان کے درمیان تجارت، توانائی، زراعت، تعلیم، سائنس وٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے لیے باہمی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اورترکمانستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ ثقافت اور تاریخ پرمبنی ہیں جن کو دونوں ملکوں اور پورے خطے کے امن و استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے ذریعہ مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

صدرمملکت نے ترکمانستان کے صدر کو پانچویں ایشین انڈور و مارشل آرٹس گیمز کے انعقاد پر مبارک باد دی اور انھیں آگاہ کیا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کا 130 رکنی دستہ ان گیمز میں شرکت کررہا ہے جو مختلف کھیلوں میں حصہ لے گا۔

صدرپاکستان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت اچھے سیاسی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں اس لیے بہترین اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے ویزے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے تجویز دی کہ دونوں ملک تعمیرات، پیٹروکیمیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹوموبائلز سے متعلق آلات، کٹلری اور سرجیکل آلات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

اس موقع پر دفاع، میڈیکل یونیورسٹیوں اور ادویہ ساز کمپنیوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قربان علی بردی ممدوف نے ترکمانستا ن کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

صدر ممنون حسین کے ساتھ وزیرمملکت برائے پٹرولیم جام کمال اوردیگر سینئر حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری