چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی ممانعت اور وزیراعظم پاکستان کی نائب امریکی صدر سے ملاقات


چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی ممانعت اور وزیراعظم پاکستان کی نائب امریکی صدر سے ملاقات

وزیر اعظم پاکستان ایسی حالت میں نائب امریکی صدر سے ملے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ اگر امریکی صدر کے پاس ملاقات کا وقت نہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے لیے وقت نہیں ہونا چاہیے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکی نائب صدرمائیک پنس سے ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی، وزیرخارجہ خواجہ آصف، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری اور فواد حسن فواد بھی موجود تھے۔ امریکی نائب صدرمائیک پنس نے شاہدخاقان عباسی کی آمد پرشکریہ اداکیا۔

اس موقع پر امریکا کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے تعلقات کواہمیت دیتا ہے، خطے کی سلامتی کیلیے پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرناچاہتے ہیں، خطے کےامن اورسلامتی کیلیے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں جب کہ پاکستان سے بہترتعلقات کیلیے نئی راہیں تلاش کررہے ہیں۔

دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے کہا امریکا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگرامور پر تبادلہ خیال چاہتے ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے اور اس جنگ میں پاکستان نے بے پناہ نقصان اٹھایا ہے جب کہ پاکستان خطےسے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہے، اور دہشت گردی کےخلاف تعاون جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو امریکی نائب صدر سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی صدر کے پاس ملاقات کا وقت نہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے لیے وقت نہیں ہونا چاہیے۔

سینیٹ کے اجلاس کے دوران چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے زمینی اور فضائی راستے سے امریکی سپلائی افغانستان جارہی ہے، اس صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے نہ ملنا پاکستان کی توہین ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ شاہد خاقان عباسی کو امریکی صدر کی بجائے نائب صدر سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے، وزیر اعظم کو کہہ دینا چاہیے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس وقت نہیں تو ہمارے پاس بھی ٹائم نہیں ہے، جبکہ امریکی صدر کی بجائے نائب صدر کی ملاقات پاکستان کی حیثیت کو کم کرنا ہے

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری