یمنی فورسز کی سعودی افواج پر گولہ باری، 4 اہلکار ہلاک


یمنی فورسز کی سعودی افواج پر گولہ باری، 4 اہلکار ہلاک

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمنی فورسز کی گولہ باری میں ان کے 4فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

تسنیم نیوز نے سعودی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بروز بدھ  سعودی سرحد پر یمنی فوج کی گولہ باری سے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے 4 فوجی اہلکار جیزان اور نجران کی سرحد پر یمنی فورسز کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ یمنی فوج کے حملوں میں 10 مئی سے اب تک 79 سعودی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ یمن کی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار سعودی افواج کے حملوں کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں خاص کر سرحدی علاقے جیزان اور نجران میں موجود سعودی فوج کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے سعودی حکام کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔

یمنی فوج کا کہنا ہے کہ جب تک یمن پر فضائی حملے بند نہیں کئے جائیں گے تب تک سعودی عرب پر یمنی حملے بھی جاری رہیں گے۔

دوسری جانب سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

یمنی فوج کا کہنا ہے کہ اگلے چند دنوں میں سعودی افواج پر مزید حیرت انگیز حملے کئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ آل سعود کی سرپرستی میں ہونے والے حملوں میں اب تک ہزاروں یمنی شہری خاک و خون میں غلطاں ہوچکے ہیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔

یمن کا 80 فیصد بنیادی ڈھانچہ سعودی حملوں کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری