کراچی میں بین الاقوامی "آئی ٹی سی ایشیا" نمائش، ایران سمیت 23 ملکوں کی 500 کمپنیوں کی شرکت


کراچی میں بین الاقوامی "آئی ٹی سی ایشیا" نمائش، ایران سمیت 23 ملکوں کی 500 کمپنیوں کی شرکت

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی کے ایکپسو سینٹر میں انفارمیشن ٹینکالوجی سے متعلق آئی ٹی سی این ایشیا 2017 تین روز تک جاری رہے گی جس میں ایران، پاکستان، چین، متحدہ عرب امارات، اردن، امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے 23 ملکوں کی 500 کمپنیاں شریک ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی کے ایکپسو سینٹر میں انفارمیشن ٹینکالوجی سے متعلق آئی ٹی سی این ایشیا دوہزار سترہ شروع ہوگئی ہے، جدید اشیا کی یہ نمائش تین روز تک جاری رہے گی، نمائش میں ایران، پاکستان، چین، متحدہ عرب امارات، اردن، امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے تیئیس ملکوں کی پانچ سو کمپنیاں شریک ہیں۔

آئی ٹی سی این ایشیا دوہزار سترہ کا افتتاح پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے چیئرمین نے کیا، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

نمائش میں مختلف جامعات کے طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور مختلف اسٹالز پر ملکی اور غیرملکی ماہرین کے تیار کردہ سافٹ ویئرز، روبوٹ، مشینری، جدید سہولتوں سے لیس فائر فائٹرز اور دیگر اشیا میں دلچسپی لی۔

جامعہ این ای ڈی میں انجیئنرئنگ کے طالب علم محمد سہیل نے تسنیم نیوز ایجنسی بتایا کہ "میں یہاں دوستوں کے ساتھ آیا ہوں، اس سے پہلے بھی میں نمائشوں میں آتا رہا ہوں، لیکن یہ نمائش ہمارے نصاب سے متعلق ہے، اس لئے ہم نے مل کر یہاں آنے کا پروگرام بنایا، یہاں بہت کام کی چیزیں ہیں، جو ہماری تعلیم میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔"

نمائش میں شریک ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او نے کہا کہ صارفین کو جدید سہولتیں فراہم کرنا ان کا مقصد ہے۔ ان کی کمپنی دنیا کے سولہ ملکوں میں موبائل فون تھری جی اور فور جی کی ٹینکالوجی فراہم کر رہی ہے، مشرق وسطیٰ میں بھی اب وہ اپنے کام کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، ایران، مصر اور عراق کاروبار کے اعتبار سے ان کی نئی منزل ہوں گے۔

بین الاقوامی نمائش میں جہان طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود ہے، وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی نمائش میں پہنچ رہے ہیں۔

بیالیس سالہ عمران سلطان نے تسنیم نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "نت نئی اشیا دیکھنا اور ان سے متعلق معلومات جمع کرنا میرا شوق ہے، مجھے انفارمیشن ٹینکالوجی میں خاصی دلچسپی ہے، یہاں ایران نے جدید سافٹ ویئرز اور ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے، دیکھ کر مزہ آگیا، حیرانگی بھی ہوئی کہ مغربی پابندیوں کے باجود ایران ترقی میں کس قدر آگے ہے۔"

بین الاقوامی نمائش میں ترکی کا پیش کردہ ڈرون کیمرہ شرکاء کی توجہ کا مرکز بنا رہا، ترکی کے نمائندوں نے بتایا کہ اس میں خاص ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، یہ کیمرہ چھوٹی موٹی اشیا کی نقل و حمل میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، موجودہ حالات میں خاص کر جنگی ماحول میں اس کی خاص افادیت ہے۔

تین روزہ بین الاقوامی نمائش کے دوران مختلف کمپنیوں کی جانب سے سیمینارز بھی منعقد کئے جارہے ہیں، جن میں آئی ٹی ماہرین اپنے خیالات پیش کر رہے ہیں۔

منتظمین کا کہنا تھا یہ نمائش جہاں آئی ٹی سیکٹر کے لئے سود مند ثابت ہوگی، وہیں اس کی بدولت تجارتی اور کاروباری مواقع کو بھی فروغ ملے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری