نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کیلئے نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے


نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کیلئے نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے

سابق وزیراعظم نواز شریف ممکنہ طور پر نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کے لیے لندن سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی سرجری کے لیے لندن گئے تھے جس کے بعد یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ وہ نیب ریفرنسز اور دیگر مقدمات کے باعث واپس نہیں آئیں گے۔

نواز شریف اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے لندن سے اسلام آباد پہنچے جہاں سے وہ لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پروٹوکول میں اپنی رہائش گاہ ’پنجاب ہاؤس‘ چلے گئے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر، سعد رفیق، مشاہد اللہ خان، طلال چوہدری، سردار مہتاب، راجا اشفاق سرور سمیت دیگر رہنما بھی نوازشریف کے ہمراہ موجود تھے جبکہ ان کی آمد سے چند گھنٹے قبل ہی پروٹوکول اسکواڈ ایئرپورٹ پر موجود تھا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی آمد کے بعد پنجاب ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا جبکہ آج نواز شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات بھی متوقع ہے۔

مشاورتی اجلاس میں احتساب عدالت میں پیش ہونے یا پھر اپنے وکیل کے ذریعے کیس کی پیروی کرنے اور سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز میں ٹرائل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد کو 19 ستمبر کو طلب کیا تھا تاہم ان کی غیر حاضری کے بعد عدالت نے شریف خاندان کی 26 ستمبر کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردیے تھے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لیگی رہنماؤں کے درمیان جاری لفظی جنگ کے خاتمے کے لیے نواز شریف کی سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز (24 ستمبر) کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'نواز شریف اور اسحٰق ڈار دونوں پاکستان آرہے ہیں'۔

لندن ایئرپورٹ پر پاکستان کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے بدعنوانی نہیں کی، انہیں پاناما کیس کے بجائے اقامہ کیس میں نا اہل قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ رات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی واطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری