پاراچنار؛ پاسپورٹ دفتر میں عملہ اور دیگر سہولیات کی کمی/ کئی دن چکر کاٹنے کے باوجود شنوائی نہیں ہوتی


پاراچنار؛ پاسپورٹ دفتر میں عملہ اور دیگر سہولیات کی کمی/ کئی دن چکر کاٹنے کے باوجود شنوائی نہیں ہوتی

پاراچنار میں قائم پاسپورٹ آفس میں عملے اور دیگر سہولیات کی کمی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں، پاسپورٹ بنوانے کے لئے عوام کئی روز تک دفتر کا چکر کاٹتے رہتے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے ساجد کاظمی کی رپورٹ کے مطابق پاراچنار میں قائم پاسپورٹ آفس میں روزانہ پانچ سو سے ایک ہزار تک افراد کی آمد کی وجہ سے رش لگا رہتا ہے جبکہ عملہ صرف تین افراد پر مشتمل ہے۔

پاسپورٹ بنانے کے لئے آئے قبائلی عمائدین حاجی کمال حسین اور حاجی ممتاز نے کہا کہ پاسپورٹ آفس میں نہ پینے کے لئے پانی موجود ہے اور نہ ہی واش روم کی سہولت موجود ہے، پاسپورٹ بنانے کے لئے کئی روز سے صبح چھ بجے آتے ہیں اور شام کو مایوس ہوکر لوٹ جاتے ہیں۔

قبائل نے ناقص سیکیورٹی اور سہولیات کی کمی کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ زیادہ رش کی وجہ سے پاسپورٹ آفس میں ہاتھا پائی اور گالم گلوچ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

صدہ کرم ایجنسی سے آئے ہوئے ایک قبائلی محمد عمران نے بتایا کہ کئی روز سے پاسپورٹ بنانے کے لئے صدہ سے پاراچنار آرہا ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدہ کیلئے اپنا پاسپورٹ آفس کھول دیا جائے اور پاراچنار پاسپورٹ آفس میں عملے کی کمی دور کی جائے تو عوامی مشکلات کم ہوجائیں گے۔

دوسری جانب پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس کے اپنے عملے کے علاوہ مزید عملہ بھی مقامی انتظامیہ کی جانب سے دیا گیاہے تاہم سسٹم اور مزید عملے کی تعیناتی کے حوالے سےمتعلقہ محکمے کو آگاہ کیا گیا ہے۔

پاسپورٹ آفسیر مظہر طوری کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو عملے کی کمی اور دیگر مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا اور دفتر میں موجود عملہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی بہتر طریقے سے خدمت کی کوشش کررہاہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری