پاکستان کا ایران و افغانستان سے ٹماٹر منگوانے کا معاہدہ


پاکستان کا ایران و افغانستان سے ٹماٹر منگوانے کا معاہدہ

حکومت پنجاب نے افغانستان اور ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے سبب ٹماٹر کی قیمت میں جلد کمی کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حکومت پنجاب نے افغانستان اور ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خوراک نے ایران اور افغانستان سے ٹماٹر منگوانے کا معاہدہ کرلیا ہے جس کے تحت ہفتہ کو 700 ٹن ٹماٹر منگوائے جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے افغانستان سے ٹماٹر درآمد کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

دوسری جانب حکومت بھارت سے ٹماٹر، پیاز، ادرک اور دیگر سبزیاں نہ منگوانے کے اصولی موقف پر قائم ہے۔ محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے بھارت سے ٹماٹر درآمد نہ کرنے کی پالیسی برقرار رہے گی۔

تاہم بدھ کے روز ملک بھر کی ہول سیل مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ٹماٹر کی 15 کلو والی پیٹی کی قیمت 2400 روپے سے کم ہوکر 2300 روپے میں فروخت ہونے لگی ہے۔

دوسری جانب ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹماٹر بائیکاٹ مہم جاری ہے جس کے تحت 26 سے 28 ستمبر تک ٹماٹروں کی خریداری کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری