نواز شریف کا زرداری پر تکیہ، متنازع اسٹیٹ ٹائیکون سے رابطہ کرلیا


نواز شریف کا زرداری پر تکیہ، متنازع اسٹیٹ ٹائیکون سے رابطہ کرلیا

شریف خاندان کو بحران سے نکالنے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی مدد حاصل کرنے کے لیے برطرف وزیراعظم نواز شریف نے متنازع رئیل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض سے رابطہ کرلیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جمعرات (28 ستمبر) کو سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ جاتی عمراء پر نواز شریف اور ملک ریاض کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی شریک تھے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد میڈیا حلقوں میں اس بحث کا آغاز ہوگیا کہ کیا شریف خاندان اپنے لیے ’ریلیف‘ حاصل کرنے کے لیے بیک چینل کوششوں میں مصروف ہے تاہم پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہ ہوسکی۔

ڈان سے گفتگو میں لیگی واقف کار کا کہناتھا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعاون کرے۔

جاتی امراء میں ہونے والی اس ملاقات پر نہ ن لیگ کا کوئی بیان سامنے آیا اور نہ ہی لیگی رہنماؤں سینیٹر آصف کرمانی، مشاہداللہ خان اور وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے ڈان کی فون کالز کا جواب دیا۔

دوسری جانب ملک ریاض سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی اس معاملے پر تبصرے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال میں شریف برادران کی ملک ریاض سے ہونے والی یہ ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ برطرفی کے بعد نواز شریف اور ان کی پارٹی کے سامنے آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سابق وزیراعظم کو پی پی پی کی مدد درکار ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف نے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کے لیے درکار تعاون کا پیغام آصف زرداری تک پہنچانے کے لیے ملک ریاض پر بھروسہ کیا۔

واضح رہے کہ ملک ریاض کو آصف زرداری کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ملک ریاض نے بحریہ ٹاؤن لاہور میں موجود بلاول ہاؤس انہیں تحفتاً دیا۔

دوسری جانب شریف خاندان کی جلاوطنی کے دور میں ملک ریاض نے شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کی مالی معاونت کی جس سے ان کے درمیان قربت میں اضافہ ہوا تاہم 2007 میں شریف برادران کی وطن واپسی کے بعد ملک ریاض کے شریف برادران سے خوشگوار تعلقات برقرار نہ رہے۔

شہباز شریف کی سابقہ مدت ملازمت (13-2008) میں ملک ریاض نے اس وقت شریف خاندان سے رابطے استوار کرنے کی کوشش کی جب انہوں نے وزیراعلیٰ کے لاہور میں آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے میں فنڈز فراہم کیے۔

تاہم غریب افراد کو کم قیمتوں پر گھر فراہم کرنے کے اس منصوبے میں اس وقت اختلافات سامنے آئے جب پنجاب حکومت نے انتظامی و دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ملک ریاض کو رائیونڈ اور اس کے گردونواح میں کاروبار کے لیے زمین کی خریداری سے روک دیا۔

رئیل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض کے قریبی حلقوں کا ماننا ہے کہ ماضی میں انہوں نے اسٹیبلشمنٹ اور نواز شریف کے درمیان ڈیل کرانے کی کوشش کی تاہم اسٹیبلشمنٹ کے اتنا قریب نہیں رہے تھے کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے لیے ’پیغام رساں‘ کا کردار حاصل کرسکتے۔

بدھ کے روز (27 ستمبر) سابق وزیراعظم نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے نئے چیف کے تقرر سے قبل، قائم مقام سیٹ اپ کے قیام جس میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت ضروری ہے، پاکستان تحریک انصاف کے اقدامات میں دلچسپی لی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق اور لیگی دیگر رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ تحریک انصاف کی کوششوں کو ناکام بنائیں کیونکہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے لیے پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر قابل قبول نہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری