بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوان سمیت 3 افراد شہید


بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوان سمیت 3 افراد شہید

بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے جوان سمیت تین شہری شہید ہوگئے ہیں۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاک- بھارت سرحد پر ہندوستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے جوان سمیت 3 شہری جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے راولا کوٹ اور راکھ چِکری کے مقام پر شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 مقامی شہری جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز نے پاک فوج کی پیٹرولنگ ٹیم پر بھی فائرنگ کی، جس سے نائب صوبیدار ندیم شہید جبکہ 3 فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

پیٹرولنگ ٹیم راولا کوٹ سیکٹر میں متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو کاموں میں مصروف تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا جس سے بھارتی فوجیوں کو جانی و مالی نقصان ہوا۔

خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

رواں سال آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اس دوران 176 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری