سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب فورسز کیمپ پر خودکش حملہ، جھڑپ جاری


سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب فورسز کیمپ پر خودکش حملہ، جھڑپ جاری

کشمیری مجاہدین نے آج منگل کی علی الصباح سرینگر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ایس ایف کیمپ پر خود کش حملہ کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کشمیری جنگجو جن کی تعداد دو بتائی گئی ہے، اندھا دھند گولیاں چلاتے ہوئے بی ایس ایف کیمپ میں داخل ہوئے۔

اس کے ساتھ ہی طرفین کے درمیان تصادم شروع ہوا، جو تاحال جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرینگر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقعہ فورسز کے ایک کیمپ پر ہوئے فدائین حملے میں ابھی تک بھارتی پولیس کا ایک اور بی ایس ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ تین میں سے دو حملہ آوروں کو مار گرایا گیا ہے جبکہ جھڑپ جاری ہے۔

واضح رہے بھارتی سرحدی حفاظتی فورس یا بی ایس ایف کی 182ویں بٹالین کے ہیڈکوارٹر واقعہ ہمہامہ پر صبح ساڑھے چار بجے اچانک حملہ ہوا تھا اور بھاری اسلحہ سے لیس تین جنگجووں نے ہیڈکوارٹر کی انتظامیہ کے بلاک میں پناہ لی تھی جس کے بعد انہیں گھیر لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایک حملہ آور نے ابھی بھارتی فورسز کو الجھائے رکھا ہے اور وقفے وقفے سے گولیوں کا تبادلہ ہورہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ساتھ کئی فوجی افسران بھی جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں جو ابھی تک زندہ ایک حملہ آور کو گھیرے میں لئے ہوئے سینکڑوں فورسز اہلکاروں کو ہدایات دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ کیمپ یہاں کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بغل میں واقعہ ہے اور یہ پورا علاقہ انتہائی حساس مانا جاتا ہے جہاں پولیس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور فوج کے کئی کیمپ موجود ہیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری