سیاسی رہنماوں کی شیعہ عالم دین سے جیل میں ملاقات/ اگلے مرحلے میں مزید شیعہ شخصیات گرفتاریاں پیش کریں گے


سیاسی رہنماوں کی شیعہ عالم دین سے جیل میں ملاقات/ اگلے مرحلے میں مزید شیعہ شخصیات گرفتاریاں پیش کریں گے

ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے رہنماوں نے معروف شیعہ عالم دین کیساتھ بغدادی تھانہ لیاری میں ملاقات کے دوران کہا کہ ملت تشیع کے گمشدہ افراد کے حوالے سے علامہ حسن ظفر نقوی کا موقف اصولی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ملت تشیع کے جبری گمشدہ نوجوانوں کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجاََ خود کوگرفتاری کے لیے پیش کرنے والے بزرگ عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی سے پاک سرزمین پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے بغدادی تھانہ لیاری،کراچی میں ملاقات کی۔

پاک سرزمین پارٹی کے وفد میں جماعت کے مرکزی رہنما محمد رضا اور سید قمر نقوی سمیت دیگر عہدیدار شامل تھے۔

اس موقعہ پر علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ملت تشیع کے متعدد نوجوان عرصہ دراز سے لاپتا ہیں۔ ان افراد کی عدم بازیابی اہل خانہ سمیت پوری قوم کے لیے سخت اضطراب کا باعث ہے۔ ہم نے متعلقہ اداروں، وزراء سمیت اعلیٰ حکام سے بارہا مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتا افراد کی خیریت سے ان کے اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے لیکن ذمہ داران کی طرف سے مکمل طور پر بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جب تک ہمارے نوجوانوں کے بارے مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں لائیں جاتیں تب تک ہماری تکلیف کا ازالہ ممکن نہیں۔ اس ناروا حکومتی رویہ کے خلاف یہ احتجاج جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کے اگلے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں سے مزید شیعہ شخصیات خود کو گرفتاریوں کے لیے پیش کریں گی۔

پی ایس پی کے رہنما محمد رضا نے کہاکہ ملت تشیع کے گمشدہ افراد کے حوالے سے علامہ حسن ظفر نقوی کا موقف اصولی ہے۔ ہم ملت تشیع کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یقین دہانی کراتے ہیں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی قیادت ممبر قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے کی۔

انہوں نے علامہ حسن ظفر نقوی کے عزم و حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگی کے جس ظلم کے خلاف آپ سراپا احتجاج ہیں ہمیں بھی اسی ظلم کا سامنا ہے۔ ہم آپ کے دکھ کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر قائم خانی نے کہا کہ ہمارے ایک سو چھبیس افراد لاپتہ ہیں۔ اس ملک میں عدالتیں موجود ہیں انہیں کام کرنے دیا جائے۔ لاپتا نوجوانوں کو عدالتوں کے سامنے پیش کر کے قانونی تقاضے پورے کرنے چاہیے۔

انہوں نے علامہ حسن ظفر نقوی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری