مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 3 شہری شہید


مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 3 شہری شہید

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ سے مزید ایک شہری جاں بحق ہو گیا، دو روز میں فورسز کی فائرنگ سے مجموعی طور پر 3 افراد کی شہادت واقع ہو چکی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ضلع پلوامہ میں فورسز کی فائرنگ سے 2 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا۔

احتجاج کے دوران ہندوستان سے آزادی اور فوج کے خلاف نعرے لگائے جا رہے تھے، اسی دوران فورسز نے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ شروع کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوجیوں نے آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔

کشمیر میڈیا سروس نے اس حوالے سے رپورٹ کیا کہ بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ بھی کی اور پیلٹ گن کا بھی استعمال کیا، جس کے نتیجے میں درجنوں مظاہرین زخمی ہوئے ۔

زخمی ہونے والوں میں گلزار احمد میر نامی نوجوان بھی شامل تھا، جسے فوری طور پر پر سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال منتقل کیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

مظاہرین اور بھارتی فوجیوں کے مابین تصادم کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دوسری طرف ریاستی حکومت نے ضلع پلوامہ میں موبائل انٹر نیٹ سروس معطل کردی تاکہ واقعات کی اصل صورتحال کے بارے میں لوگ بے خبر رہیں۔

یاد رہے کہ 3 روز قبل کشمیر کے شمالی علاقے ہاجن میں ہونے والی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کے 2 کمانڈو اور 2 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اس سے دو روز پہلے فورسز نے مشتبہ جھڑپ میں عسکریت پسند گروہ جیش محمد کے اہم کمانڈر خالد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے مہینے میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 22 افراد کی ہلاکت ہوئی، جس میں ایک شخص کو دوران حراست قتل کیا گیا، جبکہ فروسز کے تشدد اور فائرنگ سے 190 افراد زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 1947 سے ایک متنازع علاقہ ہے،جس میں سے بڑا رقبہ ہندوستان کے زیر انتظام ہے، جبکہ 1948 میں ہونے والی پہلے پاک بھارت جنگ کے بعد کچھ حصہ آزاد کروا لیا گیا تھا، جس کو آزاد کشمیر کا نام دیا جاتا ہے، جو کہ پاکستان کے زیر انتظام علاقہ ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام علاقے میں سیاسی مہم کے ساتھ ساتھ حریت پسندوں کے مسلح گروہ بھی نئی دہلی سے آزادی کے لیے برسر پیکار ہیں۔

واضح رہے کہ کشمیر میں تقریباً 5 لاکھ ہندوستان فوجی اہلکار تعینات ہیں، جنہوں نے علیحدگی پسندوں کے خلاف رواں سال آپریشن ’آل آؤٹ‘ کا آغاز کیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن میں اب تک 160 سے زائد علیحدگی پسند اور 59 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری