بغداد کی درخواست پر ایران نے کردستان سے ملحقہ سرحد بند کردی


بغداد کی درخواست پر ایران نے کردستان سے ملحقہ سرحد بند کردی

بغداد کی درخواست پر ایران نے عراق کے صوبہ کردستان سے ملحقہ سرحد کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند کر دی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے کہنے پر اسلامی جمہوری ایران نے کردستان کے علاقے مریوان بارڈر کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کردستان میں ریفرنڈم کے بعد اسلامی جمہوری ایران نے عراق کی مرکزی حکومت کی درخواست پر اربیل اور سلیمانیہ جانے والی تمام پروازوں کو بھی معطل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ حیدر العبادی نے عراقی علاقے کردستان کے رہنما مسعود بارزانی کے ریفرنڈم کرانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کردستان میں ریفرنڈم کا انعقاد آئین کی خلاف ورزی ہے اور حکومت بغداد اسے مسترد کرتی ہے۔

ترک پارلیمنٹ نے گذشتہ ہفتے اس ریفرنڈم سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لیے سرحدی علاقوں میں فوجی مداخلت کی اجازت کا بل بھی منظور کر لیا تھا۔

مغربی ممالک نے بھی اس ریفرنڈم پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

آج عراقی فوج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے کرکوک کے کئی اہم علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ کرد قوم دنیا کے 4 ممالک میں بٹی ہوئی ہے جن میں عراق، ترکی، ایران اور شام شامل ہیں۔ 1923 میں خلافت عثمایہ کے سقوط کے بعد سلطنت عثمانیہ کے کچھ اس طرح ٹکڑے ہوئے کہ کرد قوم کی آبادی ان چار ممالک میں تقسیم ہوگئی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری