اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی گورنر خراسان رضوی سے ملاقات؛ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال + تصاویر


اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی گورنر خراسان رضوی سے ملاقات؛ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال + تصاویر

پاکستان کے صوبہ بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ درانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ صوبہ خراسان رضوی کے گورنر علیرضا رشیدیان سے ملاقات کی۔

 تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ درانی کے ہمراہ 14 رکنی پارلیمانی وفد نے مشہد مقدس میں صوبہ خراسان رضوی کے گورنر سے اہم ملاقات کی ہے۔

صوبہ خراسان رضوی کے گورنر نے صوبہ بلوچستان کے پارلیمانی وفد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہب، تہذیب اور زبان و ثقافت کے مضبوط رشتے قائم ہیں۔

صوبہ خراسان رضوی کے گورنر کا کہنا تھا کہ مشہد مقدس ہر سال امام رضا علیہ السلام اور عراق میں موجود مقامات مقدسہ کی زیارات کی غرض سے مشہد مقدس تشریف لانے والے ہزاروں پاکستانی زائرین کی میزبانی کرتا ہے۔

رشیدیان کا کہنا تھا کہ بعض استعماری طاقتین پاک – ایران تعلقات کوخراب کرنا چاہتی ہیں لیکن پاکستانی اور ایرانی حکام دشمن کی چال بازیوں سے آشنا ہیں اور کسی بھی صورت دونوں کے درمیان تناو کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رشیدیان نے بلوچستان حکومت کی جانب سے زائرین کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ کافی عرصے سے زائرین پر حملوں کی خبریں آنا بند ہوگئی ہیں۔

رشیدیان نے مزید کہا کہ امید ہے کہ میرجاوہ سے بیرجند تک ریلوئے لائن مکمل ہونے کے بعد زائرین کے سفر میں بہتری آئے گی اور سکون کے ساتھ مشہد مقدس پہنچ جائیں گے۔

خراسان رضوی کے گورنر کاکہنا تھا کہ امام خامنہ ای پاکستان اور پاکستانیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ ایرانی حکام سے کہتے ہیں کہ پاکستانی زائرین کا خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مشہد اور کوئٹہ کے درمیان ہوائی جہاز چلانے کا سلسلہ شروع ہوجائے۔

صوبائی اسمبلی کی  اسپیکر راحیلہ درانی کا کہنا تھا کہ صوبہ خراسان رضوی ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

درانی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ہمیں جزئی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا کیونکہ تمام مسائل کا حل ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں ہے۔

درانی نے خراسان رضوی کے گورنر کو صوبہ بلوچستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستانی قوم ایران کے بارے میں اچھے خیالات رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ  اسپیکر کے ہمراہ وفد میں جمعیت علمائے اسلام ف، بلوچستان نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔

راحیلہ درانی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی سمیت بعض ایرانی وزراء کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور سرحدی معاملات خاص کر پاک ایران بارڈر کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرچکی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی اسمبلی کا پارلیمانی وفد دس اکتوبر کو ایران پہنچا تھا اور اس نے اس دوران ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی، ایرانی صدر کی مشیر محترمہ معصومہ ابتکار اور صوبہ فارس کے صوبائی حکام سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

پاک ایران حکام نے اجلاس کے آخر میں ایک دوسرے کو تحائف بھی پیش کئے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری