مریم نواز احتساب عدالت پہنچ گئیں؛ فرد جرم آج عائد کی جائے گی


مریم نواز احتساب عدالت پہنچ گئیں؛ فرد جرم آج عائد کی جائے گی

سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز اورداماد کیپٹن (ر) صفدراحتساب عدالت پہنچ گئے جہاں ان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ریفرنسوں کی سماعت آج احتساب عدالت میں جاری ہے۔ سابق وزیراعظم ، ان کی بیٹی اورداماد پر آج نیب ریفرنسز میں فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر پرلندن فلیٹس ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جائے گی جب کہ نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لندن فلیٹس، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں۔ سابق وزیر اعظم اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث لندن میں موجود ہیں، نیب قوانین کی شق 17 (سی) کے مطابق ان کی عدم موجودگی کے باوجود بھی ان پر فرد جرم عائد کی جاسکتی ہے۔

سماعت کے آغاز میں شریف خاندان کے وکلاء کی جانب سے فرد جرم کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی، استدعا کی گئی کہ والیم دس اورتین گواہان کے بیانات کی کاپیاں فراہم کرنے تک فرد جرم روکی جائے، قانون کے مطابق ایف آئی آر اور بیانات کی کاپیاں فراہم کرنا ضروری ہے، جس پر فردجرم کی کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ والیم 10 میں بیرون ملک تحقیقات کی تفصیلات ہیں، تحقیقات مکمل ہوں گی تو کاپیاں فراہم کریں گے، جاوید کیانی کے خلاف شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جاوید کیانی نے جعلی غیرملکی اکاؤنٹس کھولے اور رقوم منتقل کیں، سعید احمد نے بھی غیر ملکی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کئے، اسلا م آباد ہائی کورٹ فردجرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کر چکی ہے، آج بھی ملزمان چاہ رہے ہیں کہ فرد جرم عائد نہ ہو جس پر وکیل کیپٹن صفدر امجد جاوید نے کہا کہ نیب آرڈنینس کے تحت ملزمان کو تمام دستاویزات کی کاپیاں فراہم کرنا ضروری ہے۔

دوسری جانب مریم نواز کی آمد پربینظیرایئرپورٹ پر لیگی ورکروں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی، پابندی مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گزشتہ دفعہ ایئرپورٹ آمد پر ورکروں کی ہلڑ بازی کے باعث لگائی گئی تھی۔

پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے گرد سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جب کہ پولیس، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس تعینات کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کے باعث نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی تھی جب کہ سماعت بھی ملتوی کردی گئی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری