لاہور؛ ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے 1500 روپے والے تمام ٹکٹ فروخت


لاہور؛ ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے 1500 روپے والے تمام ٹکٹ فروخت

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 29اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے چار انکلوژرز کے 1500 والے تمام ٹکٹس پہلے ہی روز فروخت ہو گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی منظوری بھی دیدی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کرکٹ شائقین کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی کا بے چینی سے انتظار ہے اور میچ دیکھنے کے لئے ٹکٹ حاصل کرنے کی سر توڑ کوششیں بھی کر رہے ہیں۔

میچ کے لیے ٹکٹوں کے حصول کے پہلے مرحلے میں 7 انکلوژر کے ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے دستیاب تھے اور سات میں سے چار عبدالقادر، اے ایچ کاردار، جاوید میانداد اور راجاز انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی تھی اور ان انکلوژر کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔

عمران خان اور فضل محمود انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار روپے جبکہ وسیم اکرم انکلوژر کے لیے ٹکٹ کی قیمت 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور 1500 روہے والے ٹکٹ فروخت ہونے کے بعد دیگر ٹکٹوں کی مانگ بڑھ چکی ہے۔

خیال رہے کہ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ معطل ہو گئی تھی اور اس حملے کے بعد زمبابوے کے بعد سری لنکا ٹیسٹ کھیلنے والی دوسری ٹیم ہے جو پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری