کوئٹہ اورتفتان بارڈر پر زائرین کو روکنا ناقابل برداشت ہے، علامہ عارف واحدی

خبر کا کوڈ: 1551434 خدمت: اسلامی بیداری
عارف واحدی

شیعہ علماکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ انتظامیہ تسلسل کے ساتھ زائرین کو تنگ کرنے کے منفی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شیعہ علماکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر ہزاروں زائرین کی آمد ورفت معطل کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت وانتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر ایک منصوبہ بندی کے تحت زائرین کو آمدورفت کی سفری سہولیات میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں تاکہ زائرین کوکربلا جانے سے روکا جائے۔

علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت تسلسل کے ساتھ زائرین کو تنگ کرنے کے منفی ایجنڈے پر عمل پیراہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سفری دستاویزات رکھنے والے زائرین کو ایران داخلے سے روکنا، عملی طور پر قید کردینا اور زیارات سے واپس آنے والوں کو کوئٹہ جانے سے روکنا قابل مذمت فعل ہے۔

ان کا کہنا تھا کئی کئی روز زائرین کو کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر سیکورٹی کے نام پر روکاجاتا ہے ۔بار بار توجہ مبذول کرانے کے باوجود زائرین کے مسئلہ پرکوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا جارہا، ہر چند روز بعدہزاروں زائرین کو کسی نہ کسی بہانے سے روک لیا جاتاہے، تفتان میں ٹھہرنے کی جگہ نہ اشیائے ضروریہ و علاج و معالجے کی سہولیات میسر ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لئے کوئٹہ تفتان کا زمینی راستہ سب سے موزوں راستہ ہے لیکن عوام کو ایک منصوبہ بندی کے تحت پریشان کیا جاتاہے، تفتان میں قائم پاکستان ہاﺅس میںکم افراد کی رہائش کی گنجائش ہے لیکن وہاں 3ہزار او ربعض اوقات اس سے بھی زیادہ افراد کو بھیڑ بکریاں سمجھ کر کئی روز تک محصور کردیا جاتاہے جس سے ایک جانب سیکورٹی کی صورتحال درپیش ہوتی ہے تو دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں، موسم کی سختی کی وجہ سے طرح طرح کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔

ان کا تاکید کیساتھ کہنا تھا کہ ہم بارہا مرتبہ اس جانب توجہ مبذول کراچکے ہیں اور اوپر سے نیچے تک ہرسطح پر رابطے کئے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی یہ مسئلہ دن بدن زور پکڑتا جارہاہے، عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہورہاہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زائرین کی توہین ناقابل برداشت ہے،حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھائے، ہمیں اس سلسلے میں لائحہ عمل دینے پر مجبور نہ کیا جائے۔ جو لوگ نجف اشرف، کربلا معلی اور مشہد مقدس جانے کے لئے کوئٹہ اور آنے والے بارڈر پر روکے گئے ہیں انہیں فی الفور اپنی منزل کی طرف آمد ورفت کی اجازت دی جائے اور کانوائے تشکیل دئےے جائیں۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری