اربعین مارچ کیلئے ایران نے مزید ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کردی

خبر کا کوڈ: 1555500 خدمت: ایران
پیاده روی اربعین

کربلاء جانے کے خواہش مند جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کے پاسپورٹ لاہور میں واقع ایرانی سفارت خانے میں پھنس گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چہلم شہداء کربلا کیلئے ایران نے مزید ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 

ڈیلی پاکستان کے مطابق چہلم شہداء کربلاء کی تقریبات میں شرکت کے لئے ہر سال پاکستان سے لاکھوں افراد کربلا (عراق) کا سفر اختیار کرتے ہیں جبکہ اس سفر کے لئے انہیں ایران کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔

اس سلسلہ میں ملک بھر کی طرح ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب سے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ زائرین عراق کے شہر نجف سے کربلاء تک پیدل سفر کرتے ہیں۔

دوسری جانب زائرین کی تعداد ایک حد سے تجاوز ہونے کی وجہ سے ایرانی حکومت نے مزید ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی ہے جس کی وجہ سے ویزہ اپلائی کرنے والے جنوبی پنجاب کے ہزاروں زائرین کے پاسپورٹ ایرانی سفارت خانے لاہور میں پھنس گئے ہیں۔

اس صورت حال میں اب صرف وہی زائرین ایران اور عراق کا سفر اختیار کر سکیں گے جن کے ویزے پہلے سے جاری ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ شہداء کربلاء کا چہلم 20 صفر المظفر کو عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، اس موقع پر عراق کے شہر کربلا میں کروڑوں افراد دنیا بھر سے شرکت کرتے ہیں۔

خانہ فرہنگ ایران کے ذرائع کے مطابق ویزے کے اجراء پر عائد پابندی چہلم شہداء کربلاء گزرنے کے بعد ختم کی جائے گی۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری