افغان صدر نئی دہلی پہنچ گئے + تصاویر


افغان صدر نئی دہلی پہنچ گئے + تصاویر

افغان صدر ایک مرتبہ پھر سرکاری دورے پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کرنے کے لیے افغان صدر اشرف غنی نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔

بھارت میں قیام کے دوران صدر اشرف غنی نے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی سمیت اس ملک کے اعلیٰ حکام سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔

دہلی ایئر پورٹ پہنچنے  پر افغان صدر کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔

خیال رہے کہ افغان صدر اشرف غنی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد بھارت پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ افغانستان میں  پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے مبینہ کردار کے حالیہ الزامات کی وجہ سے پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کے تناظر میں صدر اشرف کے دورہ بھارت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

افغانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں بشمول افغان دفاعی افواج اور سکیورٹی اہلکاروں کو تربیت دینے کے لئے بھارت کے تعاون کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

دوسری طرف بھارت نے افغان دفاعی افواج اور پولیس فورسز کو ضرورت کے مطابق مزید مدد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

دوطرفہ بیان میں بامعنی ترقی اور دیر پاامن کے لئے تشدد اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے سرحد پار دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور پناہ گاہوں کو تباہ کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کا شمار افغانستان کو امداد فراہم کرنے والے بڑے ملکوں میں ہوتا ہے، اور 2001ء میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے وہ اب تک کابل کو تقریباً کئی ارب ڈالر مالیت کے تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرا چکا ہے۔

پاکستان نے بھارت کی افغانستان میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر بارہا شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، جب کہ مختلف عہدے دار ملک میں جاری عسکریت پسندی کی لہر میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کر چکے ہیں جنھیں نئی دہلی نے بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری