تسنیم کی مسلسل رپورٹنگ رنگ لے آئی / حکومت نے 48 گھنٹے میں کانوائے بھیجنے کی یقین دہانی کرا دی


تسنیم کی مسلسل رپورٹنگ رنگ لے آئی / حکومت نے 48 گھنٹے میں کانوائے بھیجنے کی یقین دہانی کرا دی

کوئٹہ میں پھنسے زائرین کیلئے خوشخبری ہے کہ شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیر داخلہ پاکستان نے یقین دہانی کرا دی ہے کہ زائرین کے مسائل کو جلد از حل کیا جائے گا اور کانوائے کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کوئٹہ میں پھنسے زائرین کے لئے حکومت پاکستان نے اڑتالیس گھنٹے میں کانوائے بھیجنے کی یقین دہانی کرا دی۔

تفصیل کے مطابق شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر علامہ مظہر علوی کے ساتھ ملاقات میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے یقین دہانی کرا دی ہے کہ جلد از جلد زائرین کے مسائل کو  حل کیا جائے گا اور کانوائے کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور شعبہ زائرین کے مسﺅل علامہ مظہر عباس علوی نے نارووال میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے ایک وفد کے ہمراہ جن میں علامہ سید فخر عباس سبزواری جنرل سیکریٹری ضلع ناروال ،انجمن تاجران ناروال کے ضلعی صدرمزمل عزیر بابر شامل تھے, ملاقات کی اور شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلہ میں مقامات مقدسہ کی زیارت کے سفر کے لئے گذشتہ کئی دن سے کوئٹہ میں رکے ہزاروں زائرین کے مسئلے کے حل کے لئے اور انہیں تفتان بارڈر کے راستے اربعین سے قبل مقامات مقدسہ پہنچانے کے لئے کوئٹہ سے تفتان ہنگامی بنیادوں پر انکی روانگی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات برﺅے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
 

وفاقی وزیر داخلہ نے معاملہ کی اہمیت‘ سنگینی اور حساسیت کے پیش نظر وفاقی سیکریٹری داخلہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ان زائرین کربلا کی فوری روانگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں اور تمام زائرین کی بروقت روانگی اور سیکورٹی انتظامات کو موثر بناتے ہوئے اس مسئلہ کو اگلے چند روز کے اندر اندر حل کرے۔

علامہ مظہر علوی نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ پاکستان بھر کے تمام مکاتب و مسالک کے زائرین شہدائے کربلا سے اپنی عقیدت و وابستگی کے اظہار کے لئے ماہ محرم الحرام اور چہلم مظلوم کربلا ؑ کے موقع پر سفر زیارت اختیار کرتے ہیں جن کی اکثریت متوسط طبقہ پر مشتمل ہوتی ہے لہذا کوئٹہ تفتان کا راستہ زائرین کی سہولت کے اعتبار سے نہایت کم خرچ اور نزدیک ہے لہذا یہ اہم اور ضروری ہے جسے کسی صورت ترک نہیں کیا جاسکتا چنانچہ حکومت اور ریاست زائرین کے شوق زیارت اور عقیدت کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے انہیں ہرقسم کی سفری سہولیات فراہم کرے اور گذشتہ کچھ عرصہ سے انہیں کوئٹہ یا تفتان بارڈر پر پاکستان ہاﺅس میں جن مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کے لئے ٹھوس‘ سنجیدہ اور دیرپا اقدامات کئے جائیں۔

وزیر داخلہ نے شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے اندر ان کی اتحاد و وحدت کی کاوشوں کو سراہا اور وفد کو اس امر کا یقین دلایا ہے کہ اگلے چند روز میں یہ مسئلہ حل ہوجائے گا اور وزارت داخلہ کے ذمہ داران کو اس حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے نتیجے میں کل صبح شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور شعبہ زائرین کے مسﺅل علامہ مظہر عباس علوی وفاقی سیکریٹری داخلہ سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔

یاد رہے اربعین حسینی کے لئے بائے روڈ عراق روانہ ہونے والے ہزاروں زائرین گزشتہ کئی دنوں سے کوئٹہ میں پھنس کر رہ گیے ہیں، جہاں انہوں نے حکومت کو متبہ کیا ہے کہ اگر حکومت چوبیس گھنٹوں میں کانوائے فراہم نہیں کرتی تو تمام زائرین کانوائے کے بغیر تفتان کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری