بابا گورو نانک کا جنم دن:ہندوستان سے 2600 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے


بابا گورو نانک کا جنم دن:ہندوستان سے 2600 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے ہندوستان سے 2600 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں

تسنیم خبررساں ادارے نے ڈان نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 549ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 2 ہزار 600 سے زائد سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی (اے پی پی) کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے پاکستان پہنچنے والے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ، ایڈیشنل سیکریٹری مزارات طارق خان وزیر، ڈپٹی سیکریٹری عمران گوندل، سردار بشن سنگھ اور سردار منندر سنگھ سمیت دیگر بورڈ افسران و سکھ رہنما موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدیق الفاروق نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی، رہائش، میڈیکل، لنگر اور سفری سہولیات سمیت تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، تمام انتظامات فول پروف ہوں گے اور مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔

ایک سوال کے جواب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری چاہتے ہیں اور وہاں سے آنے والے مہمانوں کے لیے پہلے سے بہتر انتظامات کیے ہیں۔

سکھ یاتریوں کے پارٹی سربراہ سردار گرمیت سنگھ بو نے کہا کہ ہمیں پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم یہاں پر امن و محبت، بھائی چارے اور دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔

پارٹی کے نائب سربراہ سردار ارویندر سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے گورؤں کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے، جبکہ حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ نے ہماری سیکیورٹی لیے بہتر انتظامات کیے ہیں۔

 واضح رہے کہ واہگہ بارڈ ر پر سکھ یاتریوں کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے خصوصی لنگر اور ادویات کے حصول کے لیے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا تھا، جبکہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری