اسرائیل کے مقابلے میں اسلامی مزاحمت کا ساتھ دینا وقت کی اہم ترین ذمہ داری ہے


اسرائیل کے مقابلے میں اسلامی مزاحمت کا ساتھ دینا وقت کی اہم ترین ذمہ داری ہے

جماعت اسلامی پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی و رکن سرپرست کمیٹی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے کہا ہے کہ آج وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیل کے خلاف عملی جدوجہد میں مصروف عمل مقاومت اسلامی کی حمایت میں کھڑے ہو جائیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق لبنان کے دارلحکومت بیروت میں منعقد ہونے والی دو روزہ عالمی فلسطین کانفرنس ’’وعد الحق‘‘سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی و رکن سرپرست کمیٹی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیل کے خلاف عملی جد وجہد میں مصروف عمل مقاومت اسلامی کی حمایت میں کھڑے ہو جائیں ،

ان کاکہنا تھاکہ آج عالمی دہشت گرد امریکا عرب اور مسلمان ممالک کو اپنی مٹھی میں بند کرنا چاہتا ہے جیسا کہ حالیہ دنوں میں سرزمین حجاز پر ٹرمپ کی صدارت میں مسلم دنیا کے حکمرانوں کو استعمال کیا گیا ۔

سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے بیروت میں علمائے مقاومت کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر کے علمائے کرام اور مفتیان عظام سمیت عالم اسلام کی ممتاز شخصیات نے بیروت میں فلسطین کاز کی خاطر اکھٹے ہو کر بتا دیا ہے کہ مسلم امہ متحد ہے اور فلسطین کی آزادی کے لئے جہاد کے راستے پر ایمان رکھتی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور جب کبھی ضرورت پڑی تو پاکستان بھر سے حریت پسندوں کے قافلے مقاومت اسلامی کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے اور فلسطین کی آزادی کے لئے نکل پڑیں گے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری