پاک بھارت کشیدگی؛ پہلا سامان بردار ٹرک مقبوضہ کشمیر روانہ


پاک بھارت کشیدگی؛ پہلا سامان بردار ٹرک مقبوضہ کشمیر روانہ

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں جانب تجارت بحال ہوگئی اور آزاد جموں کشمیر سے 2 ٹرک سامان لے کر تیتری نوٹ- چکندا باغ سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر روانہ ہوئے جبکہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر سے 1 ٹرک آزاد کشمیر پہنچا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ٹرک کی تعداد قلیل ہونے کے باوجود ایل او سی کے دونوں جانب موجود تاجر برادری نے 4 ماہ بعد تجارت کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا۔

ایک روز قبل ایل او سی پر پونچھ کے علاقے سے 20 مسافر بھی جن میں 13 مرد اور 7 خواتین شامل تھیں، بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر روانہ ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ 7 جولائی 2017 کو تیتری نوٹ کے مقام سے سفر اور تجارت کا عمل اس وقت بند کیا گیا تھا جب لائن آف کنٹرول پر پونچھ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیلنگ کے باعث دونوں اطراف میں موجود بہت سے مسافر لائن آف کنٹرول پر پھنس گئے تھے، جنہیں 7 اگست کو مظفرآباد ڈویژن میں چکوٹھی-اُڑی کراسنگ پوائنٹ سے واپس بھیجا گیا تھا۔

کشمیر تاجر یونین کے صدر سردار کاظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چونکہ یہ 4 ماہ کے بعد تجارت کا پہلا دن ہے اس لیے ٹرک کی تعداد کم ہے، تاہم آئندہ چند ہفتوں میں اس تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ سول سوسائٹی کی جانب سے آزاد جموں کشمیر ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی (ٹاٹا) کے حکام پر دباؤ تھا کہ بھارتی حکام سے رابطہ کیا جائے اور اس بحران کو ختم کرنے میں کردار ادا کیا جائے۔

اس حوالے سے بدھ (2نومبر) کو ایک اجلاس منعقد ہونا تھا، تاہم بعد ازاں یہ اجلاس جمعہ (3 نومبر) کو منعقد ہوا، جس میں دونوں جانب کے حکام شریک ہوئے تھے۔

آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے اجلاس میں ٹاٹا کے ڈائریکٹر شاہد احمد، تیتری نوٹ کے ٹریڈ فسلیٹیشن آفیسر (ٹی ایف او) سردار محمد نعیم اور اسسٹنٹ ٹی ایف او محمد ارشاد جبکہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر سے چکندا باغ ٹرمنل کے نگراں محمد تنویر، ٹی ایف او پرتپال سنگھ، ڈی ایس پی سیکیورٹی طفیل میر اور دیگر دو افسران نے شرکت کی۔

دونوں جانب کے حکام نے فیصلہ کیا تھا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف سے تجارت کے لیے مخصوص دنوں کے دوران 30، 30 ٹرک روزانہ کی بنیاد پر روانہ کیے جائیں گے۔

سردار کاظم نے تجارت کی بحالی پر ایل او سی کے دونوں جانب حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس عمل کو عوام کے فائدے کے لیے مزید آسان بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایل او سی پر حالیہ کشیدگی اور اس کی وجہ سے تجارت میں بندش کی وجہ سے 2 ارب روپے سے زائد کی اشیا ایل او سی کی دونوں جانب پھنسی ہوئیں تھیں۔

ایل او سی کے دونوں جانب مسافروں کی آمد و رفت پیر کے روز ہو تی ہے جبکہ تجارتی سامان لے کر ٹرک منگل سے جمعے تک آتے جاتے رہتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری