سعودی عرب میں انتشار عربوں کی تباہی کا باعث، حافظ عاکف سعید


سعودی عرب میں انتشار عربوں کی تباہی کا باعث، حافظ عاکف سعید

تنظیم اسلامی کے امیر نے کہا کہ عرب امتِ مسلمہ میں اللہ اور رسولﷺ کے اولین مجرم ہیں اس لئے کہ اُن کی زبان میں قرآن پاک نازل ہوا لیکن انہوں نے اللہ اور رسولﷺ کے احکامات کی پابندی نہ کی اور بے وفائی کا مظاہرہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مشرقِ وسطیٰ تیسری عالمی جنگ کا میدان بن سکتا ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے سعودی عرب میں شہزادوں اور اعلیٰ سرکاری عہدہ داروں کی گرفتاریوں کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاریاں سعودی عرب میں سیاسی عدم استحکام اور داخلی خلفشار کی نشاندہی کرتی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں اگر سعودی عرب میں انتشار پھیلا تو وہ عربوں کی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عرب امتِ مسلمہ میں اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اولین مجرم ہیں اس لئے کہ اُن کی زبان میں قرآن پاک نازل ہوا، لیکن انہوں نے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے احکامات کی پابندی نہ کی اور بے وفائی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عربوں کے بعد پاکستانی قوم اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مجرم ہے، اس لئے کہ اُنہوں نے اللہ سے ایک خطہ زمین اس وعدہ پر حاصل کیا تھا کہ وہ اس میں اسلامی نظام نافذ کریں گے لیکن ہم منحرف ہوگئے ہیں لہٰذا ہم بھی سزا کے حقدار ہو چکے ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں توفیق بخشے کہ ہم اپنا وعدہ پورا کریں اور رب کی دھرتی پر رب کا قانون نافذ کریں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری