مغربی افغانستان میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے ہی 8 ساتھیوں کی جان لے لی


مغربی افغانستان میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے ہی 8 ساتھیوں کی جان لے لی

افغان سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ صوبہ فراہ کے پولیس اسٹیشن میں ایک اہلکار نے گولیاں چلا کر اپنے 8 ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں ایک پولیس اہلکار نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کرکے 8 پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا ہے جس کے بعد چوکی پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔

افغان طالبان کے حامی اس پولیس اہلکار نے بعد ازاں اپنے ساتھیوں کا اسلحہ بھی چرایا اور پولیس چوکی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

افغان پولیس حکام کے مطابق مذکورہ پولیس اہلکار طالبان کا ہمدرد تھا۔

واضح رہے کہ اس قسم کے کئی واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طالبان نے فراہ کے علاقے ''ریگی'' پر قبضہ کرلیا ہے اور مزید علاقوں کی طرف اس گروہ کی پیش قدمی جاری ہے۔

صوبہ فراہ کے گورنر کے ترجمان «گلبهار مجاهد»  کا کہنا ہے کہ ریگی نامی علاقے پر پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بغیر کسی مزاحمت کے طالبان نے قبضہ کرکے حکومتی فورسز کو بے دخل کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیک پوسٹ پر کل 9 اہلکار تعینات تھے جن میں 8 کو گولیاں مارکر ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ ایک غائب ہے۔

دوسری طرف طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ریگی چیک پوسٹ حملے میں 13 افغان پولیس ہلاک ہوگئے ہیں اور ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے واقعے کا ایک اور رخ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ چوکی پر حملہ ان کے ساتھیوں نے کیا اور واقعے میں 13 افراد مارے گئے ہیں۔

خیال رہے کی افغان حکومت سیکورٹی فورسز کے درمیان طالبان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے سخت پریشان ہے۔

یاد رہے کہ 17 جنوری کو افغان پولیس اہلکار نے ارزگان میں اپنے ہی چار ساتھیوں کو قتل کردیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری