سعودی عرب کا یمن کے خلاف محاصرہ ختم کرنے کا اعلان


سعودی عرب کا یمن کے خلاف محاصرہ ختم کرنے کا اعلان

سعودی عرب نے مفرور صدر منصور ہادی کے زیر کنٹرول علاقوں کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو 24 گھنٹوں کے اندر اندر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبد اللہ المعلمی کا کہنا ہے کہ یمن کے مفرور اور مستعفی صدر کے زیر تسلط علاقوں کے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر کھول دیا جائے گا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یمن کے «عدن»، «المکلا» اور «المخا» کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی حکام نے کچھ عرصہ قبل اسلامی جمہوری ایران پر یمنی سرکاری فوج اور عوامی فورسز کو سعودی عرب کے خلاف اسلحہ فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے یمن کے تمام مواصلاتی راستوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ اسلامی جمہوری ایران نے سعودی حکام کے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

اس سعودی اقدام کی دنیا بھر میں سخت مذمت کی گئی تھی اور سعودی عرب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ یمن کے محاصرے کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے ورنہ ہزاروں انسانی جانوں کا ضیاع ہوسکتا ہے۔

سعودی عرب نے بین الاقوامی دباو کی وجہ سے یمن کے کچھ خاص علاقوں کا محاصرہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کا محاصرہ بدستور جاری رہے گا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری