سی پیک منصوبے سے دیامر بھاشا ڈیم خارج کردیا گیا


سی پیک منصوبے سے دیامر بھاشا ڈیم خارج کردیا گیا

گزشتہ 15 سالوں کے دوران 5 مرتبہ افتتاح ہونے والے گلگت بلتستان میں واقع دیامر بھاشا ڈیم کو حکومت پاکستان نے سی پیک منصوبے سے خارج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، حکومت پاکستان اور چائنا حکام کے درمیان کچھ اختلافات کی وجہ سے دیامر بھاشا ڈیم کو سی پیک منصوبے سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا کہنا ہے کہ چین نے ڈیم کی فنڈنگ کیلئے منصوبے کے مکمل اختیارات، آپریشن اور مینٹیننس سمیت  متعدد دیگر سخت شرائط بھی رکھی ہیں جوکہ حکومت پاکستان کے لئے ناقابل قبول تھیں اسی وجہ سے حکومت نے سی پیک منصوبے سے دیامر بھاشا ڈیم کو خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین واپڈا نے مزید کہا کہ ڈیم کو  پاک چین اقتصادی راہداری سے خارج کرنے کے حوالے سے سی پیک کابینہ کی خصوصی کمیٹی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

چین کی ناقابل قبول شرائظ کے پیش نظر وزیراعظم پاکستان نے ایک سمری کی بھی منظوری دی ہے جس کے تحت دیامر ڈیم کیلئے حکومت نے خود فنڈنگ کا بندوبست کرنا ہے۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب اسی مہینے کی 21 تاریخ کو سی پیک کی جے سی سی کا ساتواں اجلاس اسلام آباد میں ہو رہا ہے اور اس اجلاس میں اہم امور پر پیشرفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے اپنے وسائل سے ڈیم منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہر سال 30 ارب روپے پی ایس ڈی پی فنڈ سے خرچ کئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ چیئرمین واپڈا لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈمزمل حسین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے98 فیصد متاثرین کوزمین کا معاوضہ ادا کردیاگیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 2006 میں فنڈز فراہم کرنے کا یقین دلایا تھا لیکن دس سال بعد گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقہ قرار دے کر فنڈز کی فراہمی سے انکار کر دیا، جس کے بعد چین نے سی پیک منصوبے میں شامل کرنے کا اشارہ دیا تھا۔

دیامیربھاشا ڈیم سے سالانہ 18 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی زخیرہ کرنے کی صلاحیت بھی ہوگی،

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرسے پاکستان بھر میں بجلی اور پانی کی قلت کا خاتمہ ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ 15 سالوں میں دیامر ڈیم منصوبے کا 5 بار افتتاح کیا جاچکا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری