رسول اکرم (ص) کی رحلت اور امام حسن مجتبی (ع) کی شہادت کی مناسبت سے عالم اسلام سوگوار

خبر کا کوڈ: 1576481 خدمت: اسلامی بیداری
پیامبر اعظم

ختم المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں جلوس ہائے عزا کا بھر پور طریقے سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے عالم اسلام سوگوار ہے اور اسلامی جمہوری ایران کے شہرمشہد مقدس میں بارگاہ حضرت امام رضا علیہ السلام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں زائرین کا ایک عظیم اجتماع موجود ہے۔

مسلمانوں کا یہ عظیم اجتماع رحلت رسول اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہادت امام حسن علیہ السلام کی مناسبت سے ماتم داری کرتے ہوئے امام رضا علیہ السلام کی خدمت میں پرسہ دے رہا ہے۔

ایران کے مختلف شہروں سے زائرین پیدل سفر کرکے حرم امام رضا علیہ السلام پہنچ  چکے ہیں اورشہر بھر میں عزادار دستوں کی وجہ سے پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں ہے۔

حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے مختلف صحنوں میں علماء کرام مختلف زبانوں میں رسول اکرم صل اللہ عیہ وآلہ وسلم اور امام حسن علیہ السلام کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے احادیث مبارکہ اور فضائل و مصائب بیان کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کل رات سے مشہد مقدس کے تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں پر عزاداروں کے دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب گامزن ہیں۔

واضح رہے کہ مشہد مقدس میں حرم امام رضا علیہ السلام کی طرف جانے والی سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔

دوسری جانب مقدس شہر قم میں بھی ہزاروں سوگوار رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور شہادت امام حسن علیہ السلام کی یاد میں عزاداری کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سے اربعین حسینی کے مراسم میں شرکت کرنے کے لئے عراق جانے والے ہزاروں زائرین کی ایک بڑی تعداد عراق سے اسلامی جمہوری ایران کے شہر قم اور مشہد پہنچ چکی ہے۔ پاکستان اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اردو زبان میں فضائل اور مصائب بیان کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ مجالس عزا کا یہ سلسلہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت یعنی بدھ کی شام تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں ہر سال اٹھائیس صفر کو رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم رحلت اور آپ کے پیارے نواسے حضرت اما حسن علیہ السلام کا یوم شہادت جبکہ تیس صفر کو حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت منایا جاتا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین ایران بالخصوص مشہد مقدس کا رخ کرتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق، رواں سال پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن علیہ السلام اور امام رضا علیہ السلام کی شہادت کی منابست سے پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر سے 30 لاکھ زائرین روضہ امام رضا علیہ السلام پر حاضری دیں گے۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری