ایم ڈبلیوایم کے اپنے ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے اغوا کے خلاف مظاہرے


ایم ڈبلیوایم کے اپنے ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے اغوا کے خلاف مظاہرے

مجلس وحدت مسلمین و آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کی عدم بازیابی اور پنجاب حکومت کی ظالمانہ و جابرانہ اقدامات کیخلاف نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مجلس وحدت مسلمین و آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کی عدم بازیابی اور پنجاب حکومت کی ظالمانہ و جابرانہ اقدامات کیخلاف نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے گئے،چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں مظاہرے ریلیاں نکالی گئی۔

احتجاجی مظاہروں میں پنجاب حکومت کو سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی اغوا کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ن لیگی حکومت کی جانب سے سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم ایشو پر اپنا کردار ادا کرے کراچی میں جامع مسجد المصطفی عباس ٹاون ،جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاون ،جامع مسجد حسین آباد ملیر برف خانہ جامع مسجد امامیہ ڈرگ روڈ،جامع مسجد امام موسی کاظم کورنگی کراسنگ ،جامع مسجد بن قاسم جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نورایمان کے باہر کیا گیا۔

احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مرزا یوسف حسین ،علی حسین نقوی ،علامہ مبشر حسن ،مولانا صادق جعفری ،مولانا علی انور تقی ظفر آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد یاسین ،ثمر عباس احسن عباس ،علامہ یعقوب صابری ، میثم عابدی و دیگر نے کہا کہ بانیان پاکستان کے اولادوں کو دیوار سے لگانے والے سن لیں،ہمیں یقین ہے اور ہمارا ایمان ہے اس مملکت خداداد کو ہم نے بنایا تھا اور ہم ہی بچائیں گے،ریاست کی سرپرستی میں پالے ملک دشمن دہشتگرد ٹولہ آج وطن کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے،افغان جہاد کے نام پر ملک میں دہشتگردی اور کلاشنکوف کلچر ایمپورٹ کرنے والے آج ہماری حب الوطنی پر شک کر رہے ہیں،ہم اس وطن کے وارث ہیں،ہم پنجاب حکومت اور اس میں شامل دہشتگردوں کے سرپرست رانا ثنااللہ کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں،سید ناصر شیرازی مادر وطن کا باوفا سپوت ہے،اس کا جرم پاکستان میں اداروں کی تقدس کی بحالی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے جدو جہد کرنا ہے،ہم مکتب اہلیبیتؑ کے پیروکار وں کو کوئی بھی دنیا کا ظالم وجابر حکمران جھکا نہیں سکتا،انشااللہ آج اس ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے بعد حالات تبدیل نہ ہوئے تو ہم شاہراہوں اور ایوانوں کا رخ کرینگے،مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

علامہ مرزا یوسف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ اور شہباز شریف ملکی سالمیت کیخلاف سازش میں مصروف ہیں،ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم سڑکوں اور حکومتی ایوانوں کا رخ کرے،ہماری تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے جس دشمن کا بھی پیچھا کیا ہے وہ دنیا اور آخرت دونوں کے لئے رسوا ہوئے ہیں،پنجاب میں رانا ثنااللہ کالعدم تکفیری دہشتگردوں کا سہولت کار ہے،ناصر شیرازی کو دہشتگردوں کے ایماء پر رانا ثنااللہ نے اغوا کیا ہے،ہم ریاستی اداروں اور مقتدر قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملت جعفریہ کیخلاف انتقامی کاروائیوں کا نوٹس لیں،مظاہرین سے علی حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لیں جس قوم سے الجھنے کی کوشش کررہے ہو یہ وہ قوم ہے جو چودہ سو سال سے یزید کا پیچھا نہیں چھوڑا، آل شریف کونسی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں،سید ناصر شیرازی ملت تشیع پاکستان کا رہنما ہے ہم تمام شیعہ تنظمیں بانیان مجالس عزاداران قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ ہیں، اور ناصر شیرازی کی بازیابی کے لئے جس حد تک بھی جانا پڑے جائیں گے،میں چیف جسٹس آف پاکستان اور سپہ سالار افواج پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس ناانصافی اور غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیں اور ملک کو کسی نئے بحران کی طرف دھکیلنے سے بچائیں،یاد رکھیں میرے مولا ئے کائنات حضرت علیؑ کا فرمان ہے کہ حکومتیں کفر سے تو باقی رہ سکتیں ہیں ظلم سے نہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری