کوئٹہ میں ایف سی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن


کوئٹہ میں ایف سی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن

ایف سی بلوچستان اور پولیس نے پشتون آباد کے علاقے میں دہشت گردوں کی گرفتاری کےلیے مشرکہ سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کوئٹہ میں سیکٹر کمانڈر ایف سی تصور ستار نے ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پشتون آباد میں آپریشن شروع کیا جارہا ہے جس میں پولیس کے 277 اور ایف سی کے 799 جوان آپریشن میں شامل ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران گھرگھر تلاشی لی جائے گی، آپریشن شروع کرنے سے پہلے علاقے کے اہم لوگوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے جب کہ علاقے میں 4 میڈیکل کیمپ بھی لگائے ہیں۔

کمانڈر ایف سی کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن میں بچوں کے لیے تحائف بھی رکھے گئے ہیں جب کہ کارروائی کا اصل مقصد دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا ہے۔ آپریشن میں خواتین اہلکار بھی حصہ لے رہی ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے بعد اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی جب کہ شام سے پہلے سرچ آپریشن مکمل کرلیا جائے گا، سرچ آپریشن میں ایف سی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل تربت کے علاقے بلیدہ سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں نامعلوم افراد کی جانب سے گولیاں مار کرقتل کیا گیا جب کہ گزشتہ روز بھی تاجبان سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری