صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 16 غیر ملکی بازیاب


صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 16 غیر ملکی بازیاب

صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر کے 2 پاکستانیوں سمیت 18مغویوں کو بازیاب کرالیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانیوں سمیت 18 مغویوں کو فرنٹیئر کور (ایف سی) کی جانب سے بلوچستان میں تربت کے علاقے تومپ میں آپریشن کے دوران بازیاب کرایا گیا۔

آپریشن رد الفساد کے تحت کیے جانے والے اس آپریشن میں دو مبینہ ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

تاہم ابھی یہ بات واضح نہیں ہو سکی ہے کہ ان غیر ملکیوں اور پاکستانیوں کو اغواکاروں نے کب سے یرغمال بنایا ہوا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور آئی ای ڈی بم بھی بر آمد کیا گیا۔

علاوہ ازیں مکران ڈویژن میں ایف سی اہلکاروں نے بال نگر کے جنوب مشرق میں 25 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم پنودی گاؤں میں خفیہ اداروں کی اطلاع پر آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے سپاہی ناصر محمود شہید جبکہ دیگر 2 جوان زخمی ہوگئے۔

دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ دیگر مخلتف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تربت کے علاقے بلیدہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں 2 مبینہ دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری