فیض آباد دھرنا؛ آپریشن کیخلاف پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کا آغاز ہوگیا


فیض آباد دھرنا؛ آپریشن کیخلاف پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کا آغاز ہوگیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک لبیک کیخلاف آپریشن پرپنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہوگیااور راستے بند کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اوکاڑہ ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ  سرگودھا،پنڈی گھیب و دیگر شہروں میں تحریک لبیک کی مقامی قیادت کی کال پر مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج  شروع کردیا ہے۔مقامیپولیس مظاہرین پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہے لیکن ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے فیض آباد انٹرچینج پر

دھرنے کے شرکاء کو دی گئی گذشتہ رات 12 بجے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آج صبح مظاہرین کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔آپریشن میں پولیس، ایف سی اور رینجرز کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے، جنہوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ شدید شیلنگ کے بعد مظاہرین منتشر ہونا شروع ہوگئے جبکہ پولیس نے درجنوں مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ اور غلیل کے ذریعے بنٹوں  کا بھی استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

مظاہرین نے ایک ایف سی اہلکار کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا لیکن ساتھی اہلکاروں نے اسے فوری طور پر مظاہرین کے قبضے سے چھڑا لیا۔پمز اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں 12 زخمی لائے گئے، جن میں تین پولیس اور دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔

ترجمان پمز کے مطابق آنسو گیس کے 4 متاثرین اسپتال لائے گئے۔ دوسری جانب پولی کلینک اور بینظیر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے چھٹی پر موجود پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا۔ دھرنے کے مقام پر ایمبولینسز بھی پہنچا دی گئیں جبکہ آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے فیض آباد پل پر دھرنے کی جگہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ پولیس پانچ سمت سے کارروائی کرتے ہوئے مری روڈ، راولپنڈی روڈ، کھنہ پل، اسلام آباد ایکسپریس وے، جی ٹی روڈ کی جانب سے پیش قدمی کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آپریشن میں پولیس اور ایف سی کے 8 ہزار سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث مری روڈ پر اسکول بند کروا دیئے گئے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت 'تحریک لبیک یارسول اللہ'کے دھرنے کو آج 20 روز ہوگئے، جسے ختم کرانے کے لیے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔ دھرنے کے شرکاء وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے پر بضد تھے جب کہ حکومت کا مؤقف ہےکہ سڑکوں پر بیٹھ کر یا دھونس دھاندلی سے کسی سے استعفیٰ نہیں لیا جاسکتا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری