سعودی اتحاد کی جانب سے روکے گئے امداد لیجانے والے طیارے یمن پہنچ گئے


سعودی اتحاد کی جانب سے روکے گئے امداد لیجانے والے طیارے یمن پہنچ گئے

ان طیاروں کو گذشتہ تین ہفتے سے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی افواج کی جانب سے روکا گیا تھا، جس کے باعث ہزاروں افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے تھے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں اقوام متحدہ کا طیارہ ویکسن لے کر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ ان طیاروں کو گذشتہ تین ہفتے سے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی افواج کی جانب سے روکا گیا تھا، جس کے باعث ہزاروں افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کے دو طیارے جبکہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے اسٹاف کے ایک طیارے نے یمن کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی معاملات کے دفتر نے گزشتہ روز بتایا کہ سعودی قیادت کے اتحادیوں کی جانب سے اس بات کی منظوری دی گئی تھی کے صنعا میں فلائٹوں کو بحال کردیا گیا ہے تاہم انصاراللہ کے زیر انتظام حدیدیہ میں بحیرہ احمر کی بندرگاہ بند ہے جہاں خوراک اور ادویات کی ترسیل کی سخت ضرورت ہے۔

انصاراللہ کے زیر انتظام سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ فلائٹس نے صنعا میں لینڈنگ کی ہے۔

یمنی خبر رساں ادارے صباء نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اہلکار نے خبردار کیا کہ ہفتے کو آنے والی امداد ناکافی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیماروں کی جان بچانے کے لیے صنعا ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کو آنے کی اجازت دی جائے۔

یمن کی سرکاری ٹی وی چینل المسیرہ کو دیے گئے بیان میں انصاراللہ کے رہنما عبدالمالک الحوثی نے اپنے حمایتوں پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کی کسی بھی نئی سازش کے خلاف متحرک رہیں۔

اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے یونیسیف نے کہا کہ ہفتے کو آنے والی پرواز میں خناق، ٹیٹنس و دیگر قابل علاج بیماریوں کے لیے 15 ٹن سے زائد ویکسین لائی گئی ہے۔

اس سے قبل ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بتایا تھا کہ ویکسین سے محروم رہنے والے بچوں میں خناق کی بیماری پھیل رہی ہے جبکہ حدیدیہ کے ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری سے تین اموات بھی ہوچکی ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی اتحاد کی متجاوز افواج کے حملوں میں تاحال ہزاروں نہتے یمنی شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہونے کی وجہ سے اس ملک کے عوام کی زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری