افغانستان کے صوبے لغمان میں داعش اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں


افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ لغمان میں طالبان اور داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ لغمان میں پہلی بار طالبان اور داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

افغان سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ صوبہ لغمان میں داعشی دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

افغان سیکورٹی فورسز کے سپاہ 201 نامی بٹالین کا کہنا ہے کہ صوبہ لغمان کے شہر الینگار میں پہلی بار داعشی دہشت گردوں اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے افغانستان کے صوبہ ننگرہار اور کنر میں طالبان اور داعشی دہشت گردوں کے درمیان متعدد بار جھڑپیں ہوچکی ہیں۔

صوبہ لغمان کے مقامی لوگوں نے تقریبا 2سال پہلے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ داعشی دہشت گرد خفیہ ٹھکانے بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم عوام کے خدشات کے پیش نظر کسی قسم کا کوئی اقدام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اب صوبہ بھر میں داعشی دھند دھناتے پھر رہے ہیں۔

دوسری جانب طالبان کا کہنا ہے کہ امریکی اور افغان فورسز طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں اور داعشی دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ شام اور عراق میں شکست کے بعد افغانستان میں دہشتگرد گروہ داعش کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔