پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا شیڈول جاری، پہلا میچ کب ہو گا ؟

خبر کا کوڈ: 1590236 خدمت: پاکستان
پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا شیڈول تیار کر کے حتمی منظوری کیلئے تمام فرنچائزز کو بھیج دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 22 فروری سے ہو گا جبکہ 25 مارچ کو کراچی میں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزز کی جانب سے رضامندی کے بعد اگلے ہفتے کسی بھی وقت اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے نقل و حمل کے مسائل کے باعث ابوظہبی کو ممکنہ وینیوز میں شامل نہیں کیا جس کا مطلب ہے کہ پی ایس ایل کے کل 34 میچ دبئی، شارجہ، لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ابوظہبی بھی ممکنہ وینیوز میں شامل تھا تاہم نقل و حمل کے مسائل کے باعث وہاں میچز کروانا ممکن نظر نہیں آ رہا۔ اس سے قبل یہ خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں کہ پی سی بی نے ابوظہبی میں پی ایس ایل کے 6 میچ کروانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

یاد رہے کہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری