پاکستان سعودی عرب کی آزادی اور علاقائی خودمختاری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستانی سفیر


پاکستان سعودی عرب کی آزادی اور علاقائی خودمختاری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستانی سفیر

گزشتہ دو سال سے زائد عرصہ سے یمنی مسلمانوں پر آگ برسانے پر چپ سادھ لینے والے سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر نے یمنی فوج کی جانب سے صرف ایک میزائل داغنے کے ردعمل میں کہا ہے کہ اسلام آباد سعودی عرب کی آزادی اور علاقائی خودمختاری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی عرب میں متعین پاکستان کے سفیر ہشام بن صدیق نے سعودی عرب پر ہونے والے میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے پر جس نے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا، حکومت پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے برادر ملک کے طور پر پاکستان مملکت کی آزادی اور علاقائی خودمختاری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور موجودہ صورتحال پر گہری تشویش محسوس کرتا ہے۔

مزید برآں سفیر پاکستان نے سعودی فوج کے بہترین دفاعی اقدامات کی بے حد ستائش کی جن کی بدولت کئی بے گناہ شہریوں کی زندگیاں بچ گئیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکمرانوں نے دو سال سے زائد عرصہ سے یمنی مسلمانوں پر سعودی متجاوز اتحاد کی جانب سے آگ برسانے کیخلاف لب تک نہیں کھولے جبکہ یمنی فوج کی جانب سے صرف ایک میزائل داغنے پر یکے بعد دیگرے مذمتی بیانات آرہے ہیں جہاں انسان تو دور ایک پرندہ بھی نہیں مارا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کی آج کی صورتحال پاکستان سمیت بعض دیگر مسلمان رہنماوں کی ذاتی مفادات کا نتیجہ ہے جنہوں نے ہمیشہ سے جہان اسلام کے مفادات کو اپنے ذاتی مفادات پر قربان کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری