مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوجی قافلے پر مجاہدین کا حملہ، لشکر طیبہ نے ذمہ داری قبول


مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوجی قافلے پر مجاہدین کا حملہ، لشکر طیبہ نے ذمہ داری قبول

مقبوضہ کشمیر میں قابض ہندوستانی فوج کے ظلم و جبر میں اضافے کے ساتھ ہی مجاہدین کے حملوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتی فوج پر مقامی مجاہدین کے ضلع کلگام کی مرکزی شاہراہ پر ہونے والے تازہ حملے میں انڈین فوج کے 4  اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دوسری طرف کشمیری جنگجوؤں کی تنظیم ’’لشکر طیبہ‘‘ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 4 ہندوستانی فوجی اہلکاروں کو ہلاک اور کئی کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حملے کے بعد  پورے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے انڈین فوج کا  جنگجووں سے مقابلہ جاری ہے۔

دوسری طرف بھارتی فوجی قافلے پر ہونے والے حملے اور جاری مقابلے کے پیش نظر کٹھ پتلی حکومت نے کلگام اور انت ناگ میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں کے ساتھ اب بھی مقابلہ جاری ہے  تاہم کسی بھی مجاہد کے شہید، زخمی یا گرفتار ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

بھارتی نجی ٹی وی ’’آج تک‘‘ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر مجاہدین کی جانب سے فوجی قافلے پر حملے کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوگیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع کلگام کے بونہ گام قاضی گنڈ میں جنگجوؤں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا جس میں چار فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بھارتی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ کشمیری جنگجو فوجی قافلے پر حملے کے فوری بعد قریبی سکول کی عمارت میں داخل ہوئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے مذکورہ سکول کو فوری طور پر محاصرے میں لیا، قابض بھارتی فوج جنگجوؤں کو سرینڈر کرنے کے اعلان کرتی رہی تاہم انہوں نے اس کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی، طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے۔

دوسری طرف کٹھ پتلی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جاری مسلح تصادم کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے دو اضلاع کلگام اور انت ناگ میں موبائیل اور انٹرنیٹ سروسز منقطع کر دی گئی ہیں۔

دوسری طرف بھارتی ٹی وی کے مطابق مقبوضۃ کشمیر کی جنگجو تنظیم لشکر طیبہ نے فوجی قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

مقامی میڈیا نے لشکر طیبہ ترجمان ڈاکٹر عبداللہ غزنوی کے حوالے سے کہا ہے کہ بشیر لشکری سکواڈ نے یہ حملہ انجام دیا ہے۔

لشکر طیبہ ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں چار فوجی اہلکاروں کو ہلاک جبکہ بڑی تعداد میں ہندوستانی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں ۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری