امریکی اقدام اسلام دشمنی کا بڑا نمونہ/ دو ریاستوں کا حل دفن ہوگیا


امریکی اقدام اسلام دشمنی کا بڑا نمونہ/ دو ریاستوں کا حل دفن ہوگیا

پاکستان کے وزیر خارجہ نے بیت المقدس کے حوالے سے امریکی فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدام سے مسلم امہ کی دل آزاری ہوئی ہے، واشنگٹن کا یہ عمل مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کر دیگا اور دو ریاستوں کا حل دفن ہو جائیگا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے امریکہ کے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر کہا کہ امریکہ کی اسلام دشمنی کا اس سے بڑا نمونہ آج سے پہلے نہیں دیکھا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے سے لہولہان امت مسلمہ کو مزید ایک زخم ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی اقدام سے مسلم امہ کی دل آزاری ہوئی ہے، واشنگٹن کا یہ عمل سے مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کر دے گا اور دو ریاستوں کا حل دفن ہو جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی اقدام سے فلسطینی اور مسلم دنیا مشتعل ہوگی۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی اقدام سے دو ریاستوں کا حل دفن ہو جائے گا۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کہتے ہیں ایسے اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے، فلسطین کو آزاد اور مضبوط ریاست کا درجہ دیا جائے۔

عالمی رہنماؤں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی اقدام سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔ معاملے پر 9 دسمبر کو عرب لیگ جبکہ 13 دسمبر کو او آئی سی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ، چین، برطانیہ، سعودی عرب اور ایران نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پوپ فرانسس نے بھی امریکی فیصلے پر اظہار تشویش کیا ہے جبکہ فلسطین میں ٹرمپ کی تصاویر نذر آتش کی جا رہی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری