سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کیلئے طاہرالقادری کا ساتھ دیں گے، عمران خان

خبر کا کوڈ: 1594532 خدمت: پاکستان
عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ طاہر القادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کے لئے سڑکوں پر نکلے تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو سے کرتے ہوئے کہا کہ سب کو ماڈل ٹاون رپورٹ دیکھنی چاہیے، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ فوری استعفے دیں، رانا ثناء اللہ نے گولیاں چلانے کا حکم جاری کیا اور شہباز شریف کا جھو ٹ پکڑا گیا، مقدمہ شہباز شریف اور عابد شیر علی پر چلنا چاہیے، طاہر القادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں، طاہر القادری اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کیلئے سڑکوں پر نکلے تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کے لئے  پرامن احتجاج کیا پھربھی ہم پر الزامات لگائے گئے، آمر کی گود میں پلنے والے میرے خلاف مقدمات درج کررہے ہیں۔ عمران خان نے نوازشریف سے ہاتھ  ملانے کے سوال پر جواب دیا کہ میں مجرموں اور قوم کے دشمنوں سے ہاتھ نہیں ملاتا۔

مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کردی گئی ہے، ٹرمپ جیسے لوگ مسلمانوں کو انسان ہی نہیں سمجھتے اور اس متعلق ہمارے کٹھ پتلی وزیراعظم کو طیب اردگان جیسا موقف اختیار کرنا چاہیے۔

اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 11 دسمبر تک توسیع دے دی گئی جب کہ مقدمہ سیشن عدالت بھجوانے کی استدعا پر نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری