ایران سی پیک کو بڑی صلاحیت کا حامل منصوبہ تصور کرتا ہے'


ایران سی پیک کو بڑی صلاحیت کا حامل منصوبہ تصور کرتا ہے'

ایران نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بڑی صلاحیت کا حامل منصوبہ قرار دے دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان میں مقیم ایرانی سفارت کار مہدی ہنر دوست نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں جس کی مظبوطی کے لیے دیگر ممالک کو بھی اس کا حصہ بننا چاہیے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ منصوبہ خطے میں امن اور استحکام لے کر آئے گا۔

ایرانی وفد نے اپنے نئے قائم چاہ بہار پورٹ کی اہمیت بتاتے ہوئے پاکستان کے کاروباری حضرات کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ اس نئے پورٹ سے پڑوسی ممالک میں پاکستانی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایران نے چاہ بہار پورٹ کو سیستان اور بلوچستان صوبے میں اہم پوسٹ نیوکلیئر منصوبے پر ایک تقریب کے دوران افتتاح کیا تھا جس میں پاکستان سمیت 17 ممالک نے شرکت کی تھی۔

قبل ازیں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ایرانی کونسل جنرل احمد محمدی کے ہمراہ کراچی میں گورنر ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر سندھ نے ایرانی اینٹرپرینیور کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور انہیں حکومت کی جانب سے رہنمائی کیے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایرانی سفیر نے اپنا نظریہ بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے حکمران اور عوام ایران اور پاکستان تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں ایرانی وفد نے صنعت کاروں اور کاروباری کمیونٹی سے ظہرانے پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات بھی کی۔

ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کاروباری کمیونٹی میں ایران اور پاکستان کی صلاحیتوں کے حوالے سے معلومات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے دو طرفہ تجارت میں مسائل کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ صورت حال بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان اور ایران کا تجارتی حجم 31 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھاتے ہوئے اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بجلی کی در آمدات، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل در آمد، مفت تجارت کے معاہدے پر دستخط دو برادرانہ ممالک کے نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری