احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا


احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا

احتساب عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی، اسحاق ڈار کے وکیل نے اپنے موکل کی نئی میڈیکل رپورٹ جمع کرادی۔ وکیل قوسین مفتی نے کہا کہ اسحاق ڈار کی ایم آر آئی کا انتظار تھا، ان کے سینے میں تکلیف ہے اور ابھی مزید ٹیسٹ ہونے ہیں، تاہم دل کے آپریشن کی ضرورت نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کی ہر میڈیکل رپورٹ پہلے سے مختلف ہوتی ہے، درحقیقت اسحاق ڈار کو دل کی کوئی تکلیف نہیں، ملزم عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہورہا، اس لئے اسے اشتہاری قرار دیا جائے۔

اسحاق ڈار کے وکیل قوسین مفتی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل لاہور کے پتے پر کی گئی جب کہ وہ تو وہاں رہتے ہی نہیں۔ جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ ملزم کو عدالتی کارروائی کے بارے میں معلوم ہے، لہذا وارنٹ لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا، عدالت نے ضامن کو ہدایت کی کہ اگر آئندہ سماعت پر اسحاق ڈار نہ پیش ہوئے تو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط ہوجائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری