اسلام آباد؛ پانچ روزہ ایرانی فلم فیسٹیول 2017 کی افتتاحی تقریب + تصاویر


اسلام آباد؛ پانچ روزہ ایرانی فلم فیسٹیول 2017 کی افتتاحی تقریب + تصاویر

پانچ روزہ ایرانی فلم فیسٹیول 2017 کی افتتاحی تقریب پی این سی اے آڈیٹوریم میں ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورث حکومت پاکستان مریم اورنگزیب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ثقافتی قونصلیٹ، اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد کے زیر اہتمام پی این سی اے کے باہمی اشتراک سے پانچ روزہ ایرانی فلم فیسٹیول 2017 کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز پی این سی اے آڈیٹوریم میں ہوئی۔

فلم فیسٹیول کی تقریب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورث حکومت پاکستان محترمہ مریم اورنگزیب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ثقافتی قونصلر شہاب الدین داریی نے خطبہ استقبالیہ جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے سید جمال شاہ نے کلمات تشکر ادا کئے۔

تقریب کی صدارت سفیر اسلامی جمہوریہ ایران مہدی ہنر دوست نے کی۔

تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایرانی سینما نے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے، دونوں برادر اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فلم پروڈکشن کے شعبہ کو ترقی دینا ہوگی، دہشت گردی نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو تباہ کر دیا۔ پاکستانی عوام ایرانی فلموں کو پسند کرے گی، ایرانی فلمز نوجوانوں کے لئے خاص پیغام رکھتی ہیں۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بعد دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ فلم پروڈکشن کے شعبہ نے بھی ترقی کی، ایرانی فلموں میں ہمارے کلچر کی جھلک نظر آئے گی۔

  یاد رہے کہ پانچ روزہ فلم فیسٹیول کے دوران پانچ ایرانی فلمیں دکھائی جائیں گی، جن میں پہلی دو فلمیں مورخہ 11 اور 12 دسمبر کو پی این سی اے آڈیٹوریم میں جبکہ دیگر تین فلمیں سہ پہر تین بجے 13، 14 اور 15 دسمبر کو میڈیا سنٹر کے حال میں بمقام لوک ورثہ اسلام آباد میں عوام کے لئے پیش کی جائیں گی۔

ان پانچ فلموں میں "بادیگارد، یہ حبہ قند، رخ دیوانہ، کفشھایم کو اور خیلی دور خیلی نزدیک" شامل ہیں، جو انگلش و اردو سب ٹائٹیل کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔ ان پانچوں فلمیں میں ایران کے معروف فلم ڈائریکٹر رضا میر کریمی کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم بھی شامل ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری