امریکی فوج افغانستان میں داعش کو تحفظ فراہم کررہی ہے، طالبان کا دعویٰ


امریکی فوج افغانستان میں داعش کو تحفظ فراہم کررہی ہے، طالبان کا دعویٰ

طالبان کا کہنا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز اور امریکی فوج داعشی دہشت گردوں کو تحفظ دینے کے اہم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغان طالبان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سیکیورٹی فورسز اور امریکی فوج خوگیانی نامی شہر میں داعش کی حمایت میں طالبان پر حملے کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق طالبان کے مسلح افراد نے خوگیانی نامی علاقے میں داعشی دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا تھا تاہم افغان سیکیورٹی فورسز اور امریکی فوج نے داعش کی حمایت کرتے ہوئے طالبان کے حملے کو پسپا کردیا۔

طالبان کا کہنا ہے کہ داعشی دہشت گردوں نے گزشتہ ہفتے جب خوگیانی شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن افغان سیکیورٹی فورسز اور امریکی فوج خاموش تماشائی بنے رہے۔

جب طالبان نے داعش کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تو افغان سیکیورٹی فورسز اور امریکی فوج نے داعش کے بجائے طالبان پر گولہ باری کی۔

رپورٹ کے مطابق طالبان نے خوگیانی سمیت متعدد علاقوں سے داعشی دہشت گردوں کو فرار کرنے پر مجبور کیا ہے۔

طالبان نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود غیر ملکی افواج مکمل طور پر داعش کی حمایت کررہی ہیں جس کی وجہ سے افغانستان میں داعش کی سرگرمیوں میں آئے روز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

طالبان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ داعش کے خاتمے کے لئے غیر ملکی افواج پر دباؤ ڈالے۔

طالبان کا افغان حکام اور غیرملکی افواج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ افغانستان میں داعش کو پروان چڑھانے والے غیرملکی فوج اور افغان حکام ہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ امریکی فوج پر داعش کی حمایت کرنے کے الزامات عائد کئے جاچکے ہیں، طالبان سمیت افغان شہریوں کا کہنا ہے کہ افغانستان کو ایک منظم پلاننگ کے تحت داعش کے حوالے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

حال ہی میں افغان پارلیمنٹ میں صوبہ قندھار کے رکن لالی حمید زئی نے افغان قومی سلامتی کونسل کے سربراہ «معصوم استانکزئی» پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ  افغانستان میں داعش کی پرورش کرنے میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ روس اور ایران سمیت دنیا کے مختلف سیاسی ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کی بدترین شکست کے بعد داعشی دہشت گرد افغانستان منتقل ہوسکتے ہیں۔

ایرانی انٹیلی جنس کے وزیر نے بھی گذشتہ روز کہا تھا کہ داعش افغانستان اور پاکستان سمیت وسطی ایشیا کے مختلف علاقوں میں نام نہاد خلافت قائم کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری